ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین نے محکمہ تعلیم میں نئے بھرتی ہونے والے ملازمین میں ریگولر آرڈز تقسیم کر دئیے

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 02 جنوری 2021 )ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمت اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کی گئی ایک نعمت ہے ، دیانت داری، محنت اور جانفشانی سے فرائض ادا کر کے محکمے اور افسران کی نظروں میں بلند مقام حاصل کیا جا سکتا ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں محکمہ ایجوکیشن میں نئے بھرتی ہونے والے ملازمین میں ریگولر آرڈر تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، سی ای او ایجوکیشن (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ) سید توقیر حسین شاہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن اکرام اللہ گوندل، اسسٹنٹ عاطف منیر اورنئے بھرتی ہونے ملازمین بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن سید توقیر حسین شاہ نے بتایا کہ ڈیتھ کوٹہ اور میڈیکل گراﺅنڈ پر 17A کے تحت بھرتی ہونے 20ملازمین کو آرڈرز تقسیم کئے جا رہے ہیں اور بھرتی ہونے ملازمین ٹائپنگ ٹیسٹ پاس کر کے جونیئر کلرک پر بھرتی ہوئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ سرکاری ملازمت اللہ تعالیٰ کا عظیم انعام ہے اورجو ملازمین اپنے فرائض منصبی پوری ایمانداری اور جانفشانی سے سر انجام دیتے ہیں وہ کامیابی کی منزلیں آسانی سے طے کرتے ہوئے جلد ترقیاں حاصل کر لیتے ہیں اور محکمے اور اپنے افسران کی نظروں میں نمایاں مقام حاصل کر لیتے ہیں۔

انہوں نے مبارکباد دیتے ہوئے بھرتی ہونے والے ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے کام پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی میں اپنا فعال اور مثبت کردار ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمیں جو عہدے دئیے گئے ہیں اور جس کرسی پر ہم براجمان ہیں یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے دی ہوئی امانت ہے ، ملک کی بہتری اور عوام کو سرکاری سطح پر دی جانے والی خدمات میں آسانی اور شفافیت لا کر اس عہدے کا حق ادا کرنا ہے ۔

اپنا تبصرہ لکھیں