کراچی: عالمی شہرت یافتہ مبلغ مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ میں سلمان خان کی والدین کی فرمانبرداری اور سخاوت سے متاثر ہو کر اُن کا فین ہوگیا ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر مولانا طارق جمیل کی ایک ویڈیو وائرل ہور ہی ہے جس میں وہ بھارتی فلم انڈسٹری کے مایہ ناز لکھاری سلیم خان سے مخاطب ہیں۔ مولانا طارق جمیل سلیم خان کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ آپ کے بیٹوں سلمان خان، ارباز اور سہیل خان کو بھی عید کی مبارک باد دیتا ہوں۔ اداکار سلمان خان کی تعریف کرتے ہوئے مولانا طارق جمیل کہتے ہیں کہ مجھے شعیب اختر نے بتایا کہ سلمان خان اپنے والدین کے آگے ادب کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں اور ان کا ہر حکم مانتے ہیں۔
مولانا طارق جمیل نے سلمان خان کی سخاوت کی تعریف بھی کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی فرمانبرداری اور سخاوت کے اوصاف کی وجہ میں بھی سلمان خان کا فین کا ہوگیا ہوں. مولانا طارق جمیل نے سلیم خان کو کہا کہ سلمان خان جیسے خدمت گزار بیٹا ہونے پر بھی آپ مبارک باد کے مستحق ہیں.