محمد حفیظ نے تمام بیٹسمینوں کو پیچھے چھوڑ دیا

لاہور: محمد حفیظ نے رواں سال ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تمام بیٹسمینوں کو پیچھے چھوڑ دیا،415 رنزجوڑ کر انھوں نے بھارت کے لوکیش راہول کو دوسرے نمبر پر دھکیلا۔

محمد حفیظ نے رواں سال کے دوران انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز میں سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں، نیوزی لینڈ کیخلاف نیپئر میں 41رنز کی اننگز کھیلنے والے 40 سالہ آل راؤنڈر نے مجموعی طور پر 415 رنز اسکور کیے، انھوں نے 415 رنزجوڑ کر بھارت کے لوکیش راہول کو دوسرے نمبر پر دھکیل دیا۔

محمد حفیظ 2013 کے بعد پہلے پاکستانی کرکٹر ہیں جنھوں نے کسی کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنائے، ان سے قبل 2017 میں احمد شہزاد 347رنز جوڑ کر ٹاپ پر رہے تھے، محمد حفیظ نے 4 ففٹیز بنائیں، بابر اعظم، ڈیوڈ میلان، لوکیش راہول اور ٹم سیفرٹ نے بھی 4، 4 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔

محمد حفیظ نے رواں سال انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز میں 20 چھکے لگائے، قطر کے کامران خان 22 اور جنوبی افریقی کوئنٹن ڈی کوک 21 چھکے لگاکر پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں،سابق کپتان کو مجموعی طور پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کا سب سے کامیاب بیٹسمین بننے کے لیے 12 رنز درکار ہیں، انھوں نے 2323رنز بنائے ہیں، شعیب ملک 2335 رنز بناکر سرفہرست ہیں۔

محمد حفیظ نے مجموعی طور پر لیگز سمیت ہر سطح کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 1005 رنز بنائے اور رواں سال ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے 5بیٹسمینوں میں شامل ہیں۔ دریں اثناء محمد رضوان نے کسی بھی پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ برابر کردیا،سرفراز احمد نے اسکاٹ لینڈ کیخلاف ناقابل شکست 89رنز بنائے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں