واشنگٹن: دنیا بھر میں امارات کی علامت سمجھے جانے والے ایپل آئی فون 12 کی بازگشت ابھی تک ختم نہیں ہوئی، لیکن ٹیکنالوجی خصوصا ایپل کی مصنوعات میں دلچسپی رکھنے والے افراد میں نئے ماڈل جسے iPhone 13 یا iPhone 12S کے نام سے لانچ کیا جائے گا، زیر بحث آچکا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ٹیک راڈار کے مطابق گزشتہ سال 5G کنیکٹویٹٰی ، اچھوتے ڈیزائن اور طاقت ور چپ سیٹ کے ساتھ iPhone 12 فیملی کو متعارف کروایا گیا۔ اور ایپل اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے iPhone 13 کو لانچ کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ ماہرین کے مطابق 2021میں iPhone 13 کے چار ماڈل iPhone 13 Pro ,iPhone 13 Pro Max، ٰiPhone 13 اورiPhone 13 mini کومارکیٹ کیا جائے گا۔ 2020تک اپیل کی توجہ تین ماڈلز پر تھی، لیکن iPhone 12 فیملی میں منی ماڈل کا اضافہ کیا گیا۔ تاہم منی ماڈل کو ڈراپ کیے جانے کی افواہیں بھی گرم ہیں کیوں کہ iPhone 12 mini ماڈل کو اتنی پذیرائی نہیں ملی تھی۔
ویب سائٹ کے مطابق ایپل کمپنی iPhone 13 کے ڈیزائن، بورڈ اور رات میں زیادہ شارپ اور بہتر تصاویر کے لیے کیمرے میں بہتری پر بھی کام کر رہی ہے، تاہم کچھ ماہرین کے مطابق کیمرہ صرف iPhone 13 Pro Max کا اپ گریڈ کیا جائے گا۔ جب کہ یہ نئے ماڈل A15 چپ سیٹ پاورڈ ہوں گے۔ ممکنہ طور پر اس نیکسٹ جنریشن آئی فون کو رواں سال ستمبر میں 699 امریکی ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا، تاہم کورونا کی وجہ سے اس تاریخ میں تبدیلی ہوسکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق گزشتہ دس سالوں سے ایپل کمپنی اپنے فلیگ شپ فونز کو ستمبر کے آغاز میں ہونے والے ایونٹ میں متعارف کرواتی ہے، تاہم گزشتہ سال کورونا کی وجہ سے iPhone 12 اور iPhone 12 Pro کو اکتوبر اور باقی دوماڈل iPhone 12 mini اور iPhone 12 Pro Max کو پرزوں کی قلت کے سبب نومبر میں ریلیز کیا گیا تھا۔ لیکن اس تا خیر کے نتیجے میں فونز کی فروخت میں اضافہ ہوا تھا۔
iPhone 13 کا ڈیزائن، ڈسپلے، فیچرز، کیمرہ اور اسٹوریج
ایپل کے اس نئے ماڈل کا ڈیزائن اور اسکرین ٹیکنالوجی کافی حد تک iPhone 12 سے مماثل ہوگی کیوںکہ ایپل نے اس ماڈل میں کافی بڑی اپ گریڈ یشن کی تھی۔ اور ممکنہ طور پر اس نئے ماڈل میں ہائی اسکرین ریفریش ریٹ ڈسپلے کا اضافہ کیا جاسکتا ہے، جس سے استعمال کنندہ کو گیمز کھیلنے اور سوشل میڈیا فیڈ اسکرولنگ کے لیے زیادہ ہموار اور بہتر ڈسپلے ملے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ اس نئے ماڈل میں iPad Pro جیسا ڈسپلے ملے جس میں ریفریش ریٹ استعمال کنندہ کی سرگرمی کے حساب سے تبدیل ہوتا ہے۔
کورین ویب سائٹ The Elec کے مطابق نئے سرفہرست دوماڈل میں 120 ہرٹز کی اسکرین ہوگی۔ اور اینڈرائیڈ فونز کی طرح ’آلویز آن ڈسپلے‘ جیسے مفید فیچر کا اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ اور اینڈرائیڈ کی طرح ہی نئے ماڈلز میں ’ انڈر ڈسپلے فنگر پرنٹ اسکینر‘ متعارف کروائے جانے کا بھی امکان ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق iPhone13 میں ’پیری اسکوپ‘ کیمرا شامل کرنے کی بھی رپورٹس ہیں جس سے صارف کو 10X آپٹیکل زوم کا بہترین فیچر مل سکتا ہے۔ iPhone13 یا iPhone12 کو ممکنہ طور پر 1TB کی اسٹوریج کے ساتھ مارکیٹ کیا جائے گا۔ تاہم ایپل کی آفیشل ریلیز تک کچھ بھی کہنا بعید از قیاس ہوگا