عید کی تعطیلات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفیکیشن کی حقیقت سامنے آگئی

وزارت داخلہ سے منسوب نوٹیفیکیشن جعلی نکلا، دعوی کیا گیا کہ عید الفطر کے سلسلے میں 13 سے 17 مئی تک 5 تعطیلات ملیں گی

لاہور ( تازہ ترین اخبار۔ 26 اپریل 2021ء) عید کی تعطیلات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفیکیشن کی حقیقت سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند گھنٹوں سے سوشل میڈیا پر ملک میں عید کی تعطیلات کے حوالے سے وزارت داخلہ سے منسوب ایک نوٹیفیکیشن گردش کر رہا ہے۔ نوٹیفیکیشن میں دعوی کیا گیا کہ عید الفطر کے سلسلے میں 13 سے 17 مئی تک 5 تعطیلات ملیں گی۔

تاہم اب اس نوٹیفیکیشن کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزارت داخلہ سے منسوب نوٹیفیکیشن جعلی ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کو عید الفطر پر 10 مئی سے 16 مئی تک چُھٹیاں ملیں گی۔ این سی او سی کی سفارشات پر وزارت داخلہ نے چُھٹیوں کی سمری تیار کر لی ہے۔ سمری کے مطابق سرکاری ملازمین کے لیے عید الفطر کی چُھٹیاں 10 مئی سے 16 مئی تک ہوں گی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے چُھٹیوں کی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کر دی گئی ہے۔ چُھٹیوں کا حتمی اعلان وفاقی کابینہ کی جانب سے منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان میں اس مرتبہ روزے 30 اور عید الفطر بروز جمعہ 14 مئی کو ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سربراہ پروفیسر جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ شوال 1442 ہجری کا نیا چاند 11 اور 12 مئی کی درمیانی شب کو تقریباً 12 بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوگا یعنی اس وقت چاند کا کنجکشن ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ جب 12 مئی کی شام سورج غروب ہوگا اس وقت چاند کی عمر 19 گھنٹے 31 منٹ ہو گی۔ غروب آفتاب اور غروب قمر کے درمیان کا وقت صرف 36 منٹ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غروب آفتاب کے وقت چاند افق سے تقریباً 6 اعشاریہ 5 ڈگری پر ہوگا لہٰذا 12 مئی کی شام کو غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا امکان بہت کم ہے۔ خیال رہے کہ عید الفطر سے متعلق وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر اشرفی بھی اپنے بیان میں کہہ چکے ہیں کہ اس سال پورے پاکستان میں ایک ہی دن رمضان المبارک کا آغاز ہو گا اور ایک ہی دن عید الفطر منانے کا اعلان کریں گے

اپنا تبصرہ لکھیں