کراچی: سابق مسٹر پاکستان شہزاد خان آفریدی حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔
پاکستان آرمی کی نمائندگی کرنے والے 51 سالہ شہزاد خان آفریدی نے تین روز قبل 75 کلو گرام کا قومی ٹائٹل جیتا تھا، سابق مسٹر پاکستان کا انتقال اچانک حرکت قلب بند ہو جانے سے ہوا، شہزاد خان آفریدی نے چار اپریل کو بحریہ آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی68 ویں قومی باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں 75 کلو گرام کے درجہ میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ٹائیٹل جیتنے کے لیے شہزاد آفریدی نے وزن کم کرنے کے لیے مختلف کاوشیں کی تھیں جن میں پانی کااستعمال بھی روکنا شامل تھا۔ کراچی کے علاقے میٹروول کے رہائشی شہزاد خان آفریدی کو خیبر گیٹ پر نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، مرحوم نے سواگوران میں بیوہ کے علاوہ چار ماہ کی بچی سمیت دو بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑا ہے