سان فرانسسكو: اس سال کووڈ19 کے تناظر میں دنیا بھر میں زوم سافٹ ویئر کا بہت استعمال کیا گیا ہے اور اسی مقبولیت کے تحت فیس بک نے اپنی ذٰیلی کمپنی واٹس ایپ کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں آڈیو اور ویڈیو کال کی سہولت پر غور شروع کردیا ہے توقع ہے کہ اگلے برس کے اوائل میں اسے متعارف کروایا جائے گا۔
خبررساں ایجنسی رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے واٹس ایپ کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ گوگل میٹ اور زوم جیسی بڑی کمپنیوں کے مقابلے میں واٹس ایپ کا ڈیسک ٹاپ ورژن قدرے زائد سہولیات کے ساتھ پیش کیا جائے گا جن میں ویڈیو کالز کے دورانئے میں اضافہ اور شرکا کی قدری بہتر اور بڑی تصاویر شامل ہوں گی۔ تاہم واٹس ایپ کو اب بھی زوم اور گوگل میٹ پر سبقت یوں حاصل ہے کہ اس پر انفرادی کال، میسج اور ویڈیو کال کی سہولت موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ میں سات روز بعد میسج غائب ہونے کا نیا آپشن
واٹس ایپ نے یہ اعتراف بھی کیا ہے کہ زوم کی طرح ڈیسک ٹاپ فیچر پر ایک عرصے سے کام ہورہا ہے اور اب کچھ صارفین کو یہ سہولت بھی دیدی گئی ہے۔ اس سہولت کے تحت واٹس ایپ کو ڈیسک ٹاپ سے منسلک کرکے اسے تجرباتی انداز میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ اس سال جنوری میں شروع ہونے والی کورونا وائرس کی وبا کا کہیں دوسرا تو کہیں تیسرا دور چل رہا ہے۔ لوگ اپنے گھروں تک محصور ہیں اور زوم جیسے سافٹ ویئرآن لائن تدریس، ملاقاتوں اور اہم کاروباری اجتماعات کا متبادل بن چکے ہیں۔
اسی خبر کے تناظر میں چند روز قبل زوم کمپنی نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ کرسمس اور چھٹیوں کے تناظر میں مفت سروس استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 40 منٹ کی حد ختم کررہا ہے۔ بعض تجزیہ نگاروں نے کہا ہے کہ واٹس ایپ زوم کی مارکیٹ اور صارفین کو اپنی جانب متوجہ کرسکتا ہے اور زوم نے اسی پس منظر میں اپنی پالیسیوں میں نرمی کی ہے۔ تاہم توقع ہے کہ زوم ویڈیو کانفرنس مزید سہولیات اور جدت بھی پیش کرسکتا ہے