کراچی: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ ممکن ہوا تو تمام عازمین حج کو کورونا ویکسین لگا کر سعودی عرب بھیجا جائے گا جس کے باعث آئندہ برس ہونے والا حج کورونا ایس اوپیز کے باعث مہنگا ہوسکتا ہے۔
نیوز کے مطابق کراچی میں حج آرگنائزر گروپ کے ساتھ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے آئندہ حج مہنگا ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حج کورونا کی نذر ہوگیا تاہم آئندہ حج کے لیے سعودی حکام سے زیادہ سے زیادہ سہولتیں حاصل کریں گے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے مزید کہا کہ اگر لازمی ہوا تو تمام عازمین حج کو کورونا ویکسین لگائی جائیں گی۔ ایس او پیز کی وجہ سے حج مہنگا ہوسکتا ہے تاہم حکومت کی بھرپور کوشش ہوگی کہ عازمین کو گزشتہ حج کی طرح مشکلات نہ ہوں۔ حج اخراجات کے حوالے سے وفاقی وزیر نے بتایاکہ کرایوں کا تعلق ایئرلائن سے ہے،ایس او پی کے ساتھ کرائے بہت بڑھ گئے لیکن کوشش کریں گے کہ کم سے کم کرائے مقرر کرائے جائیں۔
حج انتظامات اور کرایوں میں سبسڈی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نور الحق قادری نے بتایا کہ شرعی اور مالیاتی نکتہ نظر سے حج سبسڈی پر سوالات اٹھائے گئے تھے جن کی وجہ سے سبسڈی کم کردی گئی ہے۔ وفاقی وزیر نورالحق قادری نے مزید کہا کہ حج 2021 کے بارے میں سعودی حکام کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے ابھی تک کوئی پیشکش نہیں کی گئی ہے تاہم جیسے ہی کوئی پیشکش ہوئی تو پھر حج پالیسی کا لائحہ عمل طے کریں گے