منڈی بہاءالدین میں وٹامن اے اور پولیو ویکسینیشن مہم کا آغاز

منڈی بہاءالدین میں وٹامن اے اور پولیو ویکسینیشن مہم کا آغاز

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وقار اکبر چیمہ نے چلڈرن ہسپتال میں پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین اور وٹامن اے کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا اور مہم کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی۔

منڈی بہاءالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 24مئی 2025) اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کا کہنا تھا کہ 26 مئی سے 30 مئی 2025 تک جاری رہنے والی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران محکمہ ہیلتھ کی ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال تک کے 3 لاکھ 24 ہزار 622 بچوں کو پولیو ویکسین اور وٹامن اے کے قطرے پلائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم کے لئے محکمہ صحت کے 2،922 ورکرز پر مشتمل 70 فکسڈ ٹیمیں، 45 ٹرانزٹ پوائنٹس ٹیمیں، گھر گھر جانے والی 1،225 ٹیمیں، 70 یوسی ایم اوز جبکہ 242 ایریا انچارجز مقرر کئے گئے ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ عملی اقدامات سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہے۔

انہوں نے ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ انسداد پولیو مہم کے دوران ٹیموں کی کارکردگی کی خود مانیٹرنگ کریں اور قطرے پلانے والی ٹیموں کی روزانہ کی بنیاد پر سکریننگ کی جائے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ محکمہ ہیلتھ کی ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے پھول جیسے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو کے حفاظتی قطرے ضرور پلائیں۔ بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں چلڈرن ہسپتال سے مین روڈ تک آگاہی واک بھی منعقد ہوئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں