fields

منڈی بہاؤالدین کے 160 خوش نصیب کسانوں میں ٹریکٹر تقسیم

محکمہ زراعت توسیع منڈی بہاءالدین کے زیر اہتمام وزیراعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت کاشتکاروں میں ٹریکٹرز تقسیم کرنے کی تقریب ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی مسلم لیگ نون ناصر اقبال بوسال اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم تھے

منڈی بہاءالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 09دسمبر 2024) دیگر مہمانان گرامی میں ڈائریکٹر زراعت توسیع گجرات ڈویژن ڈاکٹر عرفان وڑائچ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شیخ محمد اقبال، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ، ڈی او انڈسٹریز رانا سعید سمیت دیگر افسران اور کاشت کاران بھی موجود تھے۔

ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر عرفان وڑائچ اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع شیخ محمد اقبال نے شرکاء کو زراعت کی اہمیت، گرین ٹریکٹرز سکیم، کسان کارڈز، حکومت پنجاب کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی پر منظور شدہ اقسام کے بیج و زرعی مشینری سمیت دیگر زرعی سہولیات اور محکمہ زراعت کی جانب سے فراہم کردہ اقدامات کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ گرین ٹریکٹرز سکیم کے تحت ضلع منڈی بہاءالدین سے 20 ہزار 666 درخواستیں موصول ہوئیں، جن پر بذریعہ آن لائن شفاف قرعہ اندازی سے 160 خوش نصیبوں کو کامیاب قرار دیا گیا۔ جن کو آج ٹریکٹرز تقسیم کئے جا رہے ہیں۔

ممبر قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا جیتنے والے کاشت کاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کاشتکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے دن رات کوشاں ہیں، زرعی شعبے کی ترقی اور فروغ کیلئے انقلابی اقدامات اور تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں۔

موجودہ حکومت کا عزم ہے کہ کسانوں کی معاشی ترقی اور استحکام کے لیے زیادہ سے زیادہ ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس کے دو رس نتائج برآمدہو رہے ہیں ۔ ان کاکہنا تھا کہ کاشت کار ان ٹریکٹروں کے استعمال سے اپنی کاشتکاری بہتر کرتے ہوئے فصلوں کی اوسط پیداوار میں کئی گنا اضافہ کر کے ملکی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں