وزیرآباد: چوروں نےبیوہ کے گھر سے سامان چوری کرکے آگ لگا دی

وزیرآباد کے علاقے علی پور چٹھہ میں چوری کی واردات پیش آئی۔ درندہ صفت ملزمان نے جاتے ہوئے بیوہ کے گھر کو بھی آگ لگا دی۔ گھر کا تمام سامان جل کر راکھ ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات علی پور چٹھہ کے علاقے بلوچاں کے رہائشی ملک اشفاق مرحوم کی بیوہ اور بچے گھر کو تالا لگا کر کسی رشتہ دار سے ملنے منڈی بہاؤالدین گئے ہوئے تھے۔

نامعلوم چور گھر کے تالے توڑ کر اندر داخل ہو گئے۔ پیٹیوں کے تالے توڑ کر یتیم بیٹی کا 5 لاکھ روپے کا جہیز کا سامان اور ان میں رکھے ڈھائی تولے طلائی زیورات چوری کر لیے۔ جاتے وقت چوروں نے گھر کی بالائی منزل کو بھی آگ لگا دی جس سے پورا گھر جل کر راکھ ہو گیا۔

مرحوم ملک اشفاق کی بیوہ کا کہنا ہے کہ ان کے یتیم بچوں کے لیے نہ تو بستر ہے اور نہ ہی کپڑے۔ یہاں تک کہ گھر کے برتن بھی جل کر راکھ ہو گئے۔ اس نے روتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ آگ کی شدت سے کمروں کے لنٹر بھی پھٹ گئے ہیں.

اپنا تبصرہ لکھیں