sports gala

سپیشل ایجوکیشن اور سپورٹس کے زیر اہتمام قائداعظم ڈے کے حوالے سے سپورٹس گالا کا انعقاد

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک عباس ذوالقرنین اعوان نے کہا ہے کہ کھیلوں سے صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے کھیل کے میدان آباد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انسانی جسم کو تندرست و توانا رکھنے بالخصوص نوجوان نسل کو بے راہ روی سے بچانے اور انہیں معاشرے کا صحت مند اور کارآمد شہری بنانے کیلئے ہمیں کھیل کے میدان آباد کرنا ہوں گے اور سپورٹس کو فروغ دینا ہوگا۔

منڈی بہاﺅالدین(ایم.بی.ڈین نیوز 22دسمبر 2022 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سپیشل ایجوکیشن اور سپورٹس کے زیر اہتمام قائداعظم ڈے کے حوالے سے منعقدہ سپورٹس گالا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن محمد یاسین ورک، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ماجد حسین، ہیڈ مسٹریس سپیشل ایجوکیشن سنٹر میڈیم عذرا، ہیڈمسٹریس سپیشل ایجوکیشن سنٹر ملکوال میڈیم ثوبیہ،تحصیل سپورٹس آفیسر سپیشل ایجوکیشن سنٹرز کے بچوں اور کھلاڑیوں سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک عباس ذوالقرنین اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سپیشل بچوں کے درمیان مقابلہ جات کا انعقاد بہت بڑی کاوش ہے، جس سے ان کی بھر پور حوصلہ افزائی اور زندگی میں آگے بڑھنے کا ایک نیا جذبہ پیدا ہو گا ۔ انہوں نے کہاکہ کھیلیں ہمیں صحت مند اور توانا رکھنے کے ساتھ ساتھ ہمارے اندر نظم و ضبط اور ہر طرح کے نتائج برداشت کرنے کا حوصلہ پیدا کرتی ہیں۔

کھیلیں بچوں میں برداشت اور مل جل کر کام کرنے کا جذبہ پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ بچوں کی کردار سازی میں نمایاں رول اد ا کرتی ہیں، جو بچے صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں وہ ہمیشہ صحت مند رہتے ہیں اور بڑے ہوکر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر جیتنے والے سپیشل بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔

اپنا تبصرہ لکھیں