mandi bahauddin weather

ملک میں بارشوں کا سسٹم مون سون کے آغاز سے پہلے ہی آگیا

ملک میں گزشتہ ایک ماہ سے جاری گرمی کی لہر تھم گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین موسمیات نے کہا ہے کہ ملک میں مون سون بارشوں کے سیزن کے باقاعدہ آغاز سے قبل ہی ملک میں شدید بارشوں کا نظام آگیا ہے۔ اس سسٹم کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں بادل چھائے رہے اور اس طرح گرمی کی لہر کا زور ٹوٹ گیا۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں بارش کے موجودہ سسٹم کے باعث مزید بارشوں کا امکان ہے۔ آئندہ 3 سے 4 روز میں ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، شمال مشرقی بلوچستان، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بادل چھائے رہیں گے۔ وفاقی دارالحکومت کے گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، اٹک، جھنگ، ناروال، سیالکوٹ میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح پو تھوہر ریجن، بالائی خیبر پختونخواہ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ لاہور شاہد عباس کا کہنا ہے کہ بھارت میں ابھی مون سون شروع نہیں ہوا۔ بھارت میں پری مون سون کا اثر پاکستان پر بھی پڑتا ہے۔ مون سون کی بارشیں جون کے آخر سے شروع ہوں گی۔ مون سون کی بارشیں معمول سے زیادہ ہوں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں