صوبہ پنجاب میں سموگ کے باعث مختلف اضلاع میں دکانیں بند کرنے کے نئے اوقات کار جاری کر دیے گئے ہیں۔ صوبائی حکومت نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
لاہور، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ میں مارکیٹیں اور شاپنگ مالز بند کرنے کے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد آج سے شروع ہو گا۔ چاروں اضلاع میں 17 نومبر تک دکانیں رات 8 بجے بند رہیں گی۔ تاہم فارمیسی، میڈیکل سٹورز، لیبارٹریز، ویکسی نیشن مراکز مستثنیٰ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بیرونی کھیلوں کے ایونٹس، نمائشوں سمیت تمام بیرونی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔ باہر ریسٹورانوں اور اجتماعات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ خلاف ورزی پر پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ پابندی کا اطلاق آج سے 17 نومبر تک رہے گا۔
فارمیسیز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، ویکسی نیشن سینٹرز، آئل ڈپو، تندور، بیکریاں، گروسری اسٹورز، سبزیوں اور پھلوں کی دکانیں مستثنیٰ ہوں گی۔ گوشت کی دکانیں، ای کامرس پوسٹل، کورئیر سروسز اور یوٹیلیٹی سروسز بھی مستثنیٰ ہوں گی۔ بڑے ڈپارٹمنٹ اسٹورز صرف اپنے گروسری فارمیسی سیکشن کو کھلا رکھ سکتے ہیں۔ خلاف ورزی پر ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ احمد جاوید قاضی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ و ماسٹرانزٹ پنجاب نے ماحول کو آلودہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف حتمی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے اور اب پبلک ٹرانسپورٹ کے بعد ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی پرائیویٹ گاڑیوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور ماسٹر ٹرانزٹ نے نجی گاڑیوں کے مالکان کو 7 دن کا الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ اپنی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی فوری سروس یقینی بنائیں بصورت دیگر بھاری چالان کیا جائے گا۔ شہری اپنے فون سے 15 اور ایکسٹینشن 6 پر کال کرکے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی اطلاع دے سکتے ہیں۔ کیونکہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ بننے والی گاڑیوں کو سڑکوں پر مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔