ڈپٹی کمشنر عثمان خالد خان نے کہا ہے کہ غیر موافق موسمی تغیرات سے بچنے کیلئے شجرکاری ناگزیر ہے۔ درخت ہماری نئی نسل کے دوست ہیں۔ نئی نسل کو درختوں اور پودوں سے پیار کی ترغیب دی جائے۔
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 10 اگست 2022 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس کے لان میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت مون سون شجرکاری مہم کاافتتاح پلکن پودا لگا کر کیا اور شجر کاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین کاشف جلیل، سی ای او ایجوکیشن محمد یاسین ورک، ڈی او فاریسٹ رانا محمد اکرم ،پارلیمینٹرین ، محکمہ جنگلات سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈی او فاریسٹ رانا محمد اکرم نے بتایا کہ رواں سال ضلع منڈی بہاوالدین کیلئے مون سون شجرکاری مہم کا ٹارگٹ 9 لاکھ 85 ہزار مقرر کیا گیا ہے جس میں سے 8 لاکھ 78 ہزار پودے محکمہ جنگلات لگائے گا جبکہ باقی پودے دیگر متعلقہ محکمے لگائیں گے ۔جس پر ڈپٹی کمشنر عثمان خالد خان نے کہاکہ پچھلے سال کی طرح امسال بھی متعلقہ ٹارگت کو ہر صورت مکمل کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ جنگلات کے رقبے میں اضافہ کرکے ماحولیاتی آلودگی اور پانی کی قلت کے بحران سے بآسانی نمٹا جاسکتا ہے، شجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے ہر سطح پر شہریوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ کرہ ارض کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے موسمی تغیرات کو شجرکاری کے ذریعے ہی روکا جاسکتا ہے۔ مون سون کی حالیہ بارشیں شجرکاری کیلئے انتہائی موزوں ہیں۔
ان کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے اور ضلع بھر میں سرکاری و نجی سطح پر شجرکاری کو فروغ دیا جائے اور سوشل فاریسٹی کے فروغ کیلئے بچوں، خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں کو ماحول دوست سرگرمیوں میں نہ صرف شریک کیا جائے بلکہ انہیں شجرکاری کے فروغ کی ترغیب بھی دی جائے۔بعد ازاں آگاہی واک بھی منعقد ہوئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر نے کی۔