illegal immigration via ship

لیبیا کشتی حادثے میں مطلوب انسانی سمگلر منڈی بہاءالدین سے گرفتار

گوجرانوالہ: لیبیا کی کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک پر انتہائی مطلوب اور بدنام زمانہ انسانی سمگلر اشرف سلیمی کو گرفتار کر لیا گیا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مطابق ملزم کو منڈی بہاءالدین کی تحصیل پھالیہ کے گائوں ہیلاں سے حراست میں لیا گیا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم اشرف سلیمی کے خلاف 5 مقدمات درج ہیں۔ وہ دسمبر 2024 میں لیبیا میں پیش آنے والے کشتی حادثے میں ملوث ہے۔

لیبیا میں کشتی حادثے میں جاں بحق 6 پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس پہنچ گئیں

تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نے 5 شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر 12.5 ملین روپے بٹورے۔ بدقسمتی سے، ملزمان کی طرف سے بھیجے گئے پانچوں افراد کشتی حادثے میں ہلاک ہو گئے۔

معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے ملزمان سے مزید تفتیش کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے۔جے آئی ٹی میں سب انسپکٹرز اعجاز حسین، محمد ندیم اور ارتضیٰ انصار شامل ہیں۔ جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاء علی رضا وڑائچ قانونی معاونت کریں گے۔

گرفتار ملزم اشرف سلیمی عرصہ دراز سے بہاولپور کے علاقے میں روپوش تھا اور ایف آئی اے اسے تلاش کر رہی تھی۔ ان کی گرفتاری کو انسانی سمگلنگ کے خلاف اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ لیبیا میں کشتی کا حادثہ دسمبر 2024 میں پیش آیا تھا، جس میں درجنوں پاکستانیوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی تھیں۔ اس واقعے پر قومی اور بین الاقوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں