ماہ ذوالحجہ کے آغاز کے بعد وفاقی حکومت نے عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا شیڈول بھی جاری کردیا۔ اس سال توقع کی جارہی تھی کہ عیدالاضحی پر ہفتہ وار تعطیلات کے علاوہ صرف ایک اضافی چھٹی دی جائے گی۔ تاہم وفاقی حکومت نے کل 4 چھٹیاں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے عید الاضحیٰ پر چار روزہ تعطیلات کی منظوری دے دی۔ وفاقی حکومت کے اس فیصلے کے تحت ملک بھر میں 6 سے 9 جون (جمعہ سے پیر) تک عید کی تعطیلات ہوں گی۔
دوسری جانب سعودی عرب نے بھی عید الاضحیٰ پر عام تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں عید الاضحیٰ کی تعطیلات جمعرات 5 جون سے شروع ہو کر 8 جون بروز اتوار تک ہوں گی۔ اتوار تک عید کی تعطیلات سے لطف اندوز ہونے کے بعد مملکت میں لوگ پیر 9 جون سے کام پر واپس آجائیں گے۔
سعودی وزارت محنت اور افرادی قوت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ یہ تعطیلات شہریوں کو اپنی عبادت، قربانی اور ثقافتی فرائض کی ادائیگی میں مدد فراہم کریں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ذوالحجہ کا آغاز 29 مئی کو ہوا تھا جب کہ سعودی عرب میں یکم ذوالحجہ 28 مئی کو تھی۔اس طرح پاکستان میں عید الاضحیٰ 7 جون بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔جبکہ سعودی عرب میں عید الاضحیٰ 6 جون بروز جمعہ کو منائی جائے گی۔