ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے کہا ہے کہ حکومتی ایس او پیزکے تحت کم از کم اجرت کے نفاذ، ای او بی آئی رجسٹریشن، انسپکشنز اور سوشل سکیورٹی کارڈز کے اجراء کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے پولیس سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران مربوط حکمت عملی سے کام کریں۔
منڈی بہاﺅالدین (ایم.بی.ڈین نیوز 26ستمبر 2022 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ لیبر کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ ویجی لینس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ثاقب حیات گوندل، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، ڈی ایس پی غضنفر، اسسٹنٹ لیبر آفیسر رانا آصف منیر ، سوشل سکیورٹی آفیسر ،بھٹہ مزدوروں کے صدرمیاں غلام سرور، جنرل سیکرٹری عمر حیات ، بھٹہ مزدوروں کے نمائندے امتیاز شاہین اور دیگرز نے شرکت کی۔
قبل ازیں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر و یلفیئر ثاقب حیات نے اجلاس کو محکمہ لیبر کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ لیبر کے افسران تسلسل کے ساتھ بھٹہ خشت اور شاپس کی انسپکشن کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں اور چیکنگ کے دوران دکانوں پر چائلڈ لیبر پائے جانے پر3 دکانداروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کرا دی گئی ہیں ۔
سوشل سکیورٹی آفیسر نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع بھر میں بھٹہ خشت کے 1،035 فیملی ورکرز کو رجسٹرڈ کر کے 907 کارڈز جاری کر دئیے گئے ہیں ۔ جس پرڈپٹی کمشنر نے باقی رہ جانے والے خاندانوں کو جلد از جلد سوشل سیکورٹی کارڈ جاری کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام صنعتی کارکنان کو سوشل سیکورٹی کارڈ کا اجراء یقینی بنایا جائے تاکہ غریب مزدور علاج معالجہ کی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں اور طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مزدور خاندانوں میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جائے ۔
انہوں نے کہا ہے کہ جبری مشقت کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا، حکومتی ایس او پیز اور لیبر قوانین کے تحت انسپکشن کا عمل جاری رکھا جائے جبکہ لیبر لاز کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کاروائی کر کے مکمل پیروی کی جائے ۔
