منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 22 جون 2024) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی سربراہی میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روٹی اور نان کی سرکاری قیمت پر فروخت کے حوالے سے مسلسل متحرک۔
تفصیلات کے مطابق سپیشل پرائس مجسٹریٹ عبد الباسط گوندل اور ڈی او انڈسٹریز رانا سعید سمیت دیگر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے روٹی اور نان کی سرکاری قیمت پر عملدرآمد کے حوالے سے مختلف ہوٹلز اور تندوروں کی انسپکشنز کیں اور روٹی و نان کی سرکاری قیمت پر فروخت اور وزن کا جائزہ لیا۔
روٹی اور نان مقررہ نرخ سے زائد قمیت پر فروخت کرنے پر مختلف ہوٹلز اور تندور مالکان کو 77 ہزار 500 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں روٹی اور نان کی سرکاری قیمت پر فروخت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روٹی اور نان سرکاری قیمت پر فروخت نہ کرنے والے ہوٹلز اور تندور مالکان کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہوٹلز اور تندور مالکان کو ہدایت کی کہ روٹی اور نان کی مقررہ قیمت پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ روٹی و نان کی ریٹ لسٹ نمایاں مقامات پر آویزاں کریں۔ مقررہ قیمت سے زائد وصولی اور وزن میں کمی رکھنے والے افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔