الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں 8 الیکشن ٹربیونلز قائم کر دیئے۔ جسٹس (ر) محمود مقبول باجوہ کو ڈسٹرکٹ منڈی بہاؤالدین کے لیے ٹربیونل تشکیل دے دیا۔
ای سی پی نے پنجاب میں 8 الیکشن ٹربیونلز کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جس کے مطابق حاضر سروس ججز کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے مشاورت کی گئی اور 4 حاضر سروس ججز اور 4 ریٹائرڈ ججز کو تعینات کیا گیا ہے۔ عام اور ضمنی انتخابات کی اپیلوں کی سماعت کے لیے لاہور، ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی کے لیے الیکشن ٹربیونلز قائم کر دیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ، وزیر آباد اور لاہور کے لیے جسٹس سلطان تنویر احمد پر مشتمل ٹربیونل جبکہ لاہور کی دیگر حلقوں کے لیے جسٹس (ر) رانا زاہد محمود پر مشتمل ٹربیونل تشکیل دیا گیا۔
بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، لودھراں اور مظفر گڑھ کے لیے جسٹس (ر) ظفر اقبال اور راولپنڈی، اٹک، تلہ گینگ، جہلم، مری اور چکوال کے لیے جسٹس (ر) عبدالشکور پراچہ پر مشتمل ٹربیونل تشکیل دیا گیا۔
گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین اور نارووال کے لیے جسٹس (ر) محمود مقبول باجوہ، ملتان، خانیوال، ڈی جی خان، تونسہ، راجن پور، کوٹ ادو اور لیہ کے لیے جسٹس سرفراز ڈوگر پر مشتمل ٹربیونل تشکیل دیا گیا۔
چنیوٹ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور حافظ آباد کے لیے جسٹس اقبال چوہدری، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن اور وہاڑی کے لیے جسٹس انور حسین پر مشتمل ٹربیونل تشکیل دیا گیا۔