فرانس کے دارالحکومت پیرس میں مسلم لیگ ق کی جانب سے سابق سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی گرفتاری کے خلاف مظاہرہ کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر “محمد خان بھٹی کو رہا کرو”، “غیر منظور شدہ درآمدی حکومت”، “غیر قانونی گرفتاریاں بند کرو” اور “ظلم کا غیر منظور شدہ نظام” کے نعرے درج تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی سندھ سے گرفتار
پیرس میں پلیس ڈو لا ریپبلک پر ہونے والے مظاہرے میں مسلم لیگ (ق) اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے علاوہ منڈی بہاؤالدین کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے موجودہ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ یہ امپورٹڈ حکومت فسطائیت کی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ محمد خان بھٹی نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے۔ لوگوں کو اٹھا کر غائب کر دینا انتہائی ظلم ہے۔