سموگ میں کمی کے باعث پنجاب بھر میں کاروباری اور تفریحی پابندیوں میں نرمی کر دی گئی ہے۔ پابندیوں میں نرمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں تفریحی مقامات آج سے کھل جائیں گے۔
پارکس، چڑیا گھر، کھیل کے میدان، بیرونی کھیلوں کی اجازت دی گئی ہے۔ تمام تفریحی مقامات کو رات 8 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ تمام قسم کے تہواروں اور نمائشوں کی بھی اجازت دی گئی ہے۔ لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند ہو جائیں گی۔ اب ہفتہ اور اتوار کو بھی کاروبار کی اجازت ہوگی۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ریکارڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ لاہور میں 24 گھنٹوں کے دوران دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر 32 لاکھ جرمانے کیے گئے۔ لاہور شہر میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ 24 نومبر تک مکمل طور پر بند ہے، پابندی سے مستثنیٰ گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے ہم سب کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ دوسری جانب پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سرحد کے دونوں جانب سموگ ایک مسئلہ ہے۔ بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ نے سموگ کے حوالے سے ہماری باتوں کا مذاق اڑایا۔ لاہور میں سکھ یاتریوں کی تقریب میں اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو اس پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔