جہلم: اپر جہلم نہر میں کار گرنےکا واقعہ، جہلم سے تعلق رکھنے والی 6 ماہ کی معصوم بچی عنابیہ کی لاش 8 روز بعد رسول بیراج سے مل گئی، لاش کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق منڈی بہاءالدین میں رسول بیراج کے قریب اپر جہلم نہر میں ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں لاپتہ ہونے والی جہلم کی رہائشی چھ ماہ کی بچی انابیہ خالد کی لاش آٹھ روز بعد رسول بیراج سے برآمد کر لی گئی ہے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد پانچ ہو گئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق 14 مئی کو پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں جہلم سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کی گاڑی کا ٹائر پھٹنے سےکار بے قابو ہو کر نہر میں جاگری۔ حادثے کے نتیجے میں 4 خواتین اور 6 ماہ کی انابیہ خالد ڈوب کر جاں بحق جبکہ ایک خاتون کو زندہ بچا لیا گیا تھا.
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے روز چاروں خواتین کی لاشیں نکال لی گئیں۔ تاہم چھ ماہ کی عنابیہ کی تلاش آٹھ روز تک جاری رہی جسے بالآخر رسول بیراج سے برآمد کر لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی کا جسم سوج چکا تھا اور اسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں نے سرچ آپریشن شروع کردیا تھا جو کئی روز تک جاری رہا۔ جاں بحق ہونے والی لڑکی اور خواتین کا تعلق جہلم کے شمالی علاقے سے ہے۔ یاد رہے کہ حادثہ میں ملوث خاندان اپنے قریبی رشتہ دار کی موت کے بعد رسول گاؤں جا رہا تھا کہ یہ المناک حادثہ پیش آیا۔