تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی پمز ہسپتال میں کھانے پینے کی ایک ویڈیو سامنے آگئی ہے۔ ویڈیو میں شہباز گل کو پمز ہسپتال کے کمرے میں جوس اور فروٹ کھاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں ہسپتال ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہباز گل مکمل طور پر صحت مند ہیں اور ان کی تمام رپورٹس کلیئر ہیں۔
اسلام آباد ( تازہ ترین ۔22 اگست 2022ء ) اس سے پہلے بھی شہبازگل کی ویڈیوز منظر عام پر آئی تھیں،عملے نے شہباز گل سے پوچھا کہ مٹن کھالیں گے؟ اس پر شہباز گل نے جواب دیا کہ کچھ بھی لا کر دے دو،اس وقت جو بھی کھانے کیلئے دیں گے میں کھا لوں گا۔
یاد رہے کہ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی پریس کانفرنس کے دوران شہباز گل کی پمز اسپتال کے کمرے کی ایک ویڈیو چلائی تھی جس میں انہیں ہشاش بشاش اور پولیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے دکھایا گیا تھا۔ ادھر اسلام ہائیکورٹ نے شہباز گل کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
درخواست میں شہباز گل کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ۔
عدالت نے وکیل سلمان صفدر سے مکالمہ کیا کہ میڈیکل رپورٹ آپ سے نہیں لی جائے گی، میڈیکل رپورٹ اڈیالہ کے میڈکل افسر ڈاکٹر سے لی جائے گی۔ تفتیشی افسر نے دوران سماعت کہا کہ شہبا زگل کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کرانا ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ عمران خان نے خاتون ایڈیشنل سیشن جج کے خلاف سنجیدہ الفاظ کہے ہیں،ہم عمران خان کی تقریر عدالت کے ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں۔ استدعا ہے کہ آپ عمران خان کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیں۔ قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ وہ الگ سے معاملہ ہے اس کو الگ سے دیکھ لیں گے۔
Leave a Reply