منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز یکم اگست2022 )حکومت پنجاب کی ہدایت پر عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے ضلع منڈی بہاوالدین کی تینوں تحصیلوں میں ماہانہ ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔
تحصیل دفتر پھالیہ میں اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ محمد عرفان ہنجرا کی زیرنگرانی کھلی کچہری میں شہریوں نے درستگی ریکارڈ، فرد کے اجراء، انتقالات کے اندراج ، رجسٹری ، انکم سرٹیفکیٹ، معائنہ ریکارڈ اورڈومیسائل کے اجراء بارے مسائل پیش کئے، جن کے حل کیلئے موقع پر ہی اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ نے احکامات جاری کئے
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ریو نیو عوامی خدمت کچہری وزیراعلیٰ پنجاب کا عوام دوست اقدام ہے جہاں شہریوں کے ریونیو سے متعلق پیچیدہ مسائل فور ی حل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریونیو سے متعلقہ مسائل کے حل کے حوالے سے یہ خدمات ہر ماہ کے پہلے دو دن صبح 10بجے سے سہ پہر 3بجے تک مہیا کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری میں پیش کی جا نے والی درخواستوں کا مکمل ریکارڈ رکھا جاتا اور سخت مانیٹرنگ کی جا تی ہے.
خدمت کچہری میں آغاز سے لیکر اختتام تک آنے والے سائلین نے اپنے مختلف مسائل کے حوالے سے درخواستیں پیش کیںجنہیں وہاں پر افسران کی موجودگی میں عملہ نے فوری طور پر کاروائی کر کے موقع پر نبٹا دیا جبکہ دیرینہ مسائل والی درخواستوں کو ایک دو روز میں حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔