اسرائیلی صحافی کی مکہ داخلے میں مدد کرنے والا سعودی شہری گرفتار

حج کے دوران اسرائیل کے یہودی صحافی کو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے میں مدد فراہم کرنیوالے سعودی شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

سعودی پولیس کے ترجمان کے مطابق صحافی کے پاس امریکی پاسپورٹ تھا، پولیس نے اس غیر شرعی اور غیر قانونی عمل میں غیر مسلم صحافی کی مدد کرنے والے شہری کا کیس سعودی پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا ہے جو اس مقدمے کی پیروی کریں گے۔

گزشتہ ہفتے کے دوران اسرائیل کے چینل 13 کے لئے کام کرنے والے اسرائیلی نژاد امریکی صحافی گل تماری نے ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں وہ مکہ کی سڑکوں اور اہم مقامات پر موجود تھا، شرعی احکامات اور سعودی قوانین کے مطابق مکہ اور مدینہ کی سرزمین پر غیر مسلم نہیں آ سکتے اور اس کو یقینی بنانے کے لئے حرمین کی حدود پرکئی جگہوں پر چیک پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔

تاہم اسرائیلی صحافی نے اپنی واپسی پر اس رپورٹ کو شائع کیا۔ رپورٹ میں تماری کا کہنا تھا کہ مکہ کا دورہ کرنا اس کا دیرینہ خواب تھا اور اس کے گائیڈ کو یہ معلوم نہیں تھا کہ وہ ایک اسرائیلی صحافی ہے۔ منگل کے روز ایک ٹوئٹ میں گل تماری کا کہنا تھا کہ میرے مکہ دورے کا مقصد مسلمانوں کی دل آزادی نہیں تھا بلکہ میں مکہ کی اہمیت اور اسلام کی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے لانا چاہتا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں