ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں خصوصی افراد کیلئے سپیشل ڈیسک قائم, کرایوں میں 50فیصد ڈسکاﺅنٹ دینے کی ہدایت

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 25 فروری2021) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو محبت اور توجہ دے کر معاشرے کا فعال شہری بنایا جا سکتا ہے کیونکہ اسپیشل افراد کو اللہ تعالیٰ نے اضافی خوبیوں سے نوازا ہے،انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں خصوصی افراد کو بہتر علاج معالجہ کی فراہمی کیلئے سپیشل ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے ، سیکرٹری آرٹی اے کو ٹرانسپورٹ اڈوں پر خصوصی افراد کیلئے کرایوں میں 50فیصد ڈسکاﺅنٹ دینے کی بھی ہدایت کر دی گئی ہے اس سلسلے میں آگاہی کیلئے ٹرانسپورٹ اڈوں پر پینا فلیکس اور بینرز لگا دئیے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں طوبیٰ سکول میں ڈسٹرکٹ ریڈریسل کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، فوکل پرسن برائے نابینا افراد حافظ محمد الیاس، حافظ محمد انور، فوکل پرسن ڈیف افراد محمد نعمان ،اسپیشل ایجوکیشن کے نمائندے اور دیگر بھی موجود تھے۔قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ نے اجلاس کو اسپیشل افراد کےلئے ضلع منڈی بہاﺅالدین میں گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد اور نئے ایجنڈے میں شامل مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام سرکاری محکموں میں خصوصی افراد کو 3فیصد کوٹہ پر بھرتی پر سو فیصد عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں 50فیصد محکموں کی رپورٹس آ گئی ہیں جبکہ بقیہ محکموں کی بھی رپورٹس جلد موصول ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج میں 2خالی سیٹوں کو ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کی مشاورت سے جلد ہی خصوصی افراد کیلئے مشتہر کر دیا جائے گا۔انہوںنے بتایا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے محکمہ بیت المال اور زکوٰة سے مالی امداد کیلئے فنڈز مہیا کئے جا رہے ہیں۔ جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شفیق نے کہا کہ سپیشل افراد کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کیلئے خصوصی افراد کا معاشرے کے دیگر افراد کے ساتھ ایسا ماحول اور تعلق پیدا کیا جائے کہ انہیں بھی نارمل انسانوں کی طرح معاشرے میں زندگی گزار نے پر کوئی دقت پیش نہ آئے ۔

اپنا تبصرہ لکھیں