پی ٹی سی ایل ملازمین کی غفلت کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا، شکایت درج کروانے پر ملازمین کان نہیں دھرتے ہیں

منڈی بہاؤالدین(بیوروچیف ) باکمال لوگ، لاجواب سروس ، پی ٹی سی ایل ملازمین کی غفلت کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، بل پورا وصول کرتے ہیں جبکہ سروس خرابی کی وجہ سے آدھا ماہ فراہم کی جاتی ہے، شکایت درج کروانے پر ملازمین کان نہیں دھرتے ہیں، حکام نوٹس لیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی سی ایل ملازمین غفلت کے باعث ادارے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا رہے ہیں۔ پاکستان کے تمام بڑے سرکاری ادارے مثلا پی آئی اے ،ریلوے، سٹیل مل اور پی ٹی سی ایل ملازمین کی غفلت کی وجہ سے ہمیشہ ہی خسارے میں رہے ہیں۔ پی ٹی سی ایل کو پرائیویٹ کیا گیا کہ ہو سکتا ہے کہ اس طرح اس ادارے میں بہتری آ سکے لیکن تقریبا آدھے شئیر بیچنے کے باوجود ادارے کے ملازمین اپنی غفلتوں کی وجہ سے ادارے کا بیڑہ غرق کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ لائن میں خرابی کی صارفین شکایت کر کر تھک جاتے ہیں لیکن ملازمین ٹس سے مس نہیں ہوتے ۔

صارفین کا کہنا ہے کہ آدھا ماہ کنکشن بند رہتا ہے لیکن بل ہمیں پورے ماہ کا دینا پڑتا ہے۔ شہیدانولی کے مظہر اقبال گوندل کا کہنا ہے کہ پی ٹی سی ایل کی لائن خرابی کی وجہ سے لوگوں نے پی ٹی سی ایل کو خیر باد کہہ کر موبائل فون استعمال کرنا شروع کر دئیے ہیں۔ لوگ اس وقت انٹرنیٹ استعمال کرنے کے لیے پی ٹی سی ایل لگواتے ہیں۔ لیکن لائن میں خرابی کی وجہ سے آدھا ماہ انٹرنیٹ بند رہتا ہے اور بل پورے ماہ کا دینا پڑتا ہے۔ میں نے اپنے گھر کا کنکشن خراب ہونے کی وجہ سے شکایت نمبر 90 درج کروائی لائن انچارج ریحان کو بار بار یاد بھی کروایا لیکن وہ ملازم ہمارا کنکشن ٹھیک کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

اسی طرح پروفیسر افتخار احمد نے سوشل میڈیا پر کہا کہ پی ٹی سی ایل ملازمین کے پیچھے لگ کر کنکشن بحال کروانا پڑتے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ملازمین کی غفلت پی ٹی سی ایل کی بہترین سروس کا بیڑہ غرق کر رہی ہے۔ صارفین نے پی ٹی سی ایل حکام اور حکومت وقت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملازمین کی غفلت کا نوٹس لے کر سروس کو بہتر بنایا جائے۔ تاکہ پاکستان کے شہری پی ٹی سی ایل کے بہترین نیٹ ورک کے ساتھ جڑے رہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں