وزیراعظم کی مشکلات میں اضافہ ترین گروپ کے بعد پی ٹی آئی کا ایک اور دھڑا سامنے آگیا

لاہور (تازہ ترین۔ 27 مئی2021ء) جہانگیر ترین گروپ کے بعد تحریک انصاف کا ایک اور گروپ بھی سامنے آیا ہے جس میں 15 ارکان کے نام شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کے بعد تحریک انصاف کا ہم خیال گروپ بھی حرکت میں آگیا ہے، اور گزشتہ رات ہم خیال گروپ کے 15 سے زائد اراکین کو عشائیہ دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق عشایئے میں سردار شہاب الدین خان، ملک غضنفرعباس چھینہ، سردار محی الدین خان کھوسہ، عامر عنایت خان شاہانی، اعجاز سلطان بندیشہ، نواب علی رضا خان خاکوانی، تیمور امجد لالی، بلال اصغر وڑائچ، کرنل (ر) غضنفرعلی شاہ، اعجازخان جازی، فیصل فاروق چیمہ، گلریز افضل چن، علی اصغر خان لاہڑی اوراحسن جہانگیر بھٹی شریک تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ عشایئے میں تمام راکان نے بجٹ میں ہم خیال گروپ کے لئے ترقیاتی اسیکمیں شامل نہ کرنے پر شکوے و شکایات کے انبار لگادیئے، تاہم اس بیٹھک میں فیصلہ ہوا کہ گروپ اپنے تمام تحفظات وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے سامنے رکھے گا، اوراس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ جبکہ گزشتہ دنوں جہانگیر ترین گروپ کا بھی ایک اجلاس منعقد ہوا تھا اور ذرائع کے مطابق اجلاس میں فی الحال خاموشی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ارکان کو حکومت کیخلاف ہر قسم کی بیان بازی سے روک دیا گیا۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین کے بقول وہ آج بھی پارٹی کا حصہ ہیں، میرے بقول بھی جہانگیر ترین آج بھی پارٹی کا حصہ ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں سیاست میں اقتدار کے لیے نہیں تبدیلی کے لیے آئے ہیں، ان کی سوچ اقتدار کی سوچ نہیں ہے، ہم نے بڑے مزے سے اپوزیشن میں وقت گزارا دوبارہ گزار لیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان انتقامی کارروائی کسی کے خلاف نہیں کریں گے، احتساب اور انصاف پی ٹی آئی کے ستونوں میں سے ایک ہے

اپنا تبصرہ لکھیں