منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 10 مارچ 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے محکمہ صحت کو شہری علاقوں میں کوویڈ 19سیمپلنگ کو مذید بہتر بنانے کا حکم دے دیا، انہوں نے محکمہ صحت ، ایجوکیشن اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز صاحبان کو کوویڈ 19 پر اقدامات اورایکشنز کی روزانہ کی بنیاد پر پر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی،انہوں نے کہاکہ کوویڈ 19ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ، اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس امر کا افیصلہ آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میںان کی زیر صدارت کوویڈ 19کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین ملک کاشف نواز، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈی او ایجوکیشن ڈاکٹر شہناز، ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن اکرام اللہ، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: صوبائی وزرائے تعلیم اجلاس میں منڈی بہاوالدین سمیت کئی تعلیمی ادارے بند کرنے کا امکان
قبل ازیں سی او ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل نے ملٹی میڈیا کے ذریعے کوویڈ 19کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک منڈی بہاﺅالدین میں ٹوٹل 875مریض رپورٹ ہوئے۔ جن میں سے 817 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کوویڈ 19کی پہلی لہر میں صرف ایک مریض وفات پا چکا ہے جبکہ موجودہ صورتحال میں 75مثبت کیسز ہیں جن میں سے 74مریض ہوم آئیسولیشن میں ہیں اور ایک مریض ڈی ایچ کیو آئیسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہے ۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ محکمہ صحت کوویڈ 19کی سیمپلنگ کوالٹی کو مزید بہتر بنائے جبکہ محکمہ تعلیم کوویڈ 19ایس او پیز اور سیمپلنگ کے حوالے سے ضلع کے نا صرف تمام سکولوں کی چیک لسٹ مہیا کرے بلکہ گزشتہ ایک ہفتے کی رپورٹ بھی پیش کی جائے ۔
انہوں نے محکمہ صحت اور دیگر تمام متعلقہ افسران کو کوویڈ 19ایس او پیز اور سیمپلنگ کے حوالے سے سرکاری دفاتر، ہوٹلز ، ریسٹورنٹس، بیکریز ، شاپنگ مالز اور پر ہجوم جگہوں کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوںنے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ کوویڈ 19ایس او پیز کے حوالے سے حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔