ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین طارق علی بسرا نے انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 29 مارچ 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان ہم سب کا اصل ہدف ہے، وطن عزیز کو پولیو سے پاک کرنے کیلئے ہر فرد کو انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا. دنیا نے پولیو سے نجات حاصل کر لی ہے اب ہمیں اس کے خاتمے کیلئے قومی فریضہ کے طور پر تمام توانائیاں صرف کرنا ہوں گی، انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران کورونا ایس پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور ہر بچے کو پولیو ویکسین دینے سے قبل ہاتھوں کو سینٹائزڈ کیاجائے۔۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں کنگ چوک نادرہ دفتر کے سامنے ٹرانزٹ پوائنٹ پر5سال سے کم عمر بچوں کو پولیوویکسین کے قطرے پلا کر پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ (ڈی ایچ اے ) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرزڈاکٹر محمد افتخا، ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد عباسی، ایم ایس چلڈرن ہسپتال، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے پولیو/ای پی آئی رافعہ ناہید، پرسنل اسسٹنٹ ٹو سی او ہیلتھ ارسلان ر ئوف کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پرسی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے بتایا کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین میں29مارچ سے 02اپریل تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے2لاکھ 70ہزار 815بچوں کوپولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ گھروں جھونپڑیوں، لاری اڈوں، ریلوے اسٹیشن، بھٹہ جات، ڈیرہ جات اور عوامی مقامات پر پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ قطرے پلانے سے محروم نہیں رہنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق ضلع میں پولیو کے خلاف قومی مہم کو جذبہ حب الوطنی کے تحت مکمل کیا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ معاشرے کے ہر طبقے کے والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو اس خطرناک اور موذی مرض سے محفوظ رکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ویکسی نیشن ٹیمیں پولیو اور ای پی آئی کے دوران کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے ماسک پہنیں اور سینی ٹائزر لگائیں ۔ انہوں نے سی او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کے دوران ٹیموں کی کارکردگی کی خود مانیٹرنگ کریں اور قطرے پلانے والی ٹیموں کی روزانہ کی بنیاد پر سکریننگ کی جائے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے خانہ بدوش جھگیوں میں جا کر بچوں کو بھی پولیو ویکسین کے قطرے پلائے اور بچوں کے ہاتھوں کی انگلیوں پر نشانات بھی لگائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں