منڈی بہاﺅالدین میں یوم یکجہتی کشمیر بھر پور قومی جذبے اور ملی جوش و خروش سے منایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 31جنوری 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین میں یوم یکجہتی کشمیر بھر پور قومی جذبے اور ملی جوش و خروش سے منایا جائے گا، ضلعی انتظامیہ سمیت تمام محکمے بالخصوص محکمہ تعلیم اور میونسپل کمیٹیز اپنی اپنی سطح پر یوم یکجہتی کشمیر کی تقاریب کا انعقاد کریں گے، ریلیاں نکالی جائیں گی اور کشمیریوں سے بھر پور اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے آج یہاں ڈی سی آفس میں یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ،تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز منڈی ملک کاشف نواز، پھالیہ ساجد منیر کلیار، ملکوال عثمان غنی،ڈپٹی ڈائریکٹر ززراعت شیخ محمد اقبال، کالجز محمد فاروق، سی ای او ایجوکیشن سید توقیر حسین شاہ، تینوں تحصیلوں کے سی اوز،صحت،سپورٹس، لائیو سٹاک کے افسران کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کی تحریک کی ہم بھر پور حمایت کرتے ہیں اور ان کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی قوم کے عزم کو دہراتے ہوئے واضح کیا کہ جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں مل جاتی تب تک کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہر صورت جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ یکم فروری سے 5فروری تک ضلع کی تینوں تحصیلوں میں مختلف تقریبات جن میں سیمینارز، یکجہتی واکس ،سپورٹس مقابلوں، تقریری مقابلوں اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے تا کہ پوری دنیا کو یہ واضح پیغام ملے کہ ہم کشمیریوںکے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام الناس میں زیادہ سے زیادہ آگاہی کیلئے شہر کے مختلف مقامات جن میں ریلوے سٹیشنز، بس سٹینڈز، شاپنگ مالز،بازاروں اور چوکوں پر بل بورڈز،بینرز، سٹریمرز، پینافلیکسز آویزاں کی جائیں جن پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے 5فروری کو مرکزی تقریب صبح 10بجے میونسپل کمیٹی ہال منڈی بہاﺅالدین میں منعقد ہو گی۔ جس میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے نشر کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے جھنڈے لہرائے جائیں گے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس دن خصوصی تقریبات کا انعقاد ہو گا جن میں عوامی نمائندگان ، سرکاری افسران و ملازمین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور معزیزن شہر شرکت کریں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ان تقریبات کیلئے سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈی او انفارمیشن کوہدایت کی کہ یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منانے کیلئے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی تشہیری مہم چلائی جائے تاکہ دنیا کو ایک واضح پیغام جائے کہ پاکستانی عوام کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں