منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 13 مارچ 2021 )ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرانے کہا ہے کہ حکومت پنجاب جیلوں میں قید یو ں کی بہتری کیلئے جدید اصلاحات لارہی ہے،حکومتی ہدایت کے مطابق جیلوں میں 60سال سے زائد عمر کے بزرگ افراد کو کورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے ویکسی نیشن کی جا رہی ہے، انہوں نے کہاکہ پودے صاف ماحول اور اچھی صحت کے ضامن ہوتے ہیں، ملکی ضروریات اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے شجرکاری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے شجرکاری مہم کو ہم سب نے مل کر کامیاب بنانا ہے ۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈسٹرکٹ جیل میں 60سال سے زائد افراد کو کورونا ویکسین لگانے اور شجرکاری مہم کے تحت جیل میں پودا لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ وحید خان، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل رانا شمشاد ،سی ای او ہیلتھ ( ڈی ایچ اے) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈی او جنگلات رانا محمد اکرم، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے پولیو/ای پی آئی رافعہ ناہید، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
ڈسٹرکٹ جیل آمد پر جیل کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔سپرنٹنڈنٹ جیل نے ڈپٹی کمشنر کو جیل میںدستیاب سہولیات اور دیگر امور سے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر محکمہ صحت کے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات جاری ہیں ، دوسرے مرحلے میں 60سال سے زائد عمر کے بزرگ افراد کو ویکسی نیشن شروع کر دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ضلع منڈی بہاﺅالدین کے ایک ہزار سے زائد فرنٹ لائن ورکرز کے علاوہ دوسرے مرحلے میں بھی 60سال کے بزرگ افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے جس کے کوئی مضر اثرات رپورٹ نہیں ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا نے تمام شعبہ ہائے زندگی کو متاثر کیا ہے لیکن ہم کوشش کریں گے کہ اس کا ہر طرح سے ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے قیدیوں میں صابن ، سیناٹائیزر، ماسک اور دیگر اشیاءبھی تقسیم کیں۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے جیل میں شجرکاری مہم کے تحت ایروکیریا اوراشوک کا پودا بھی لگایا ۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر نے کہاکہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانا اور جنگلات کے رقبہ میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سرسبز پاکستان اور ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہم سب کافرض ہے۔ دورحاضر میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ہم وطن عزیز کے ماحول کو ناصرف خوبصورت بناسکتے ہیں بلکہ شجرکاری کے فروغ سے ماحولیاتی آلودگی سے نجات پاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ شجرکاری کا مفہوم صرف درخت لگانا ہی نہیں بلکہ اس کی مناسب دیکھ بھال اور تناور درخت بننے تک اس کی نگہداشت بھی نہایت ضروری ہے تاکہ درختوں کو پروان چڑھا کر ہم اپنے اردگرد کے ماحول کو خوشگوار بناسکیں۔انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے اور جیل میں سکیورٹی اور دیگر انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔