منڈی بہاوالدین میں ماسک نہ پہننے پر 12 افراد کیخلاف مقدمات درج، 1 گاڑی بند

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 29 مارچ 2021)ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی رضا نے شہر کی مختلف مارکیٹوں اورجنرل بس سٹینڈز کا دورہ کر کے کورونا ایس او یز کے تحت پبلک مقامات پر ماسک نہ پہننے پر 12افراد کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمات درج کروا دئیے جبکہ ایک کار کو ماسک نہ پہننے پر گاڑی کو تھانہ میں بند کروا دیا ۔ قبل ازیں انہوں نے کورونا ایس پیز کے تحت شہریوں میں آگاہی مہم کے تحت ماسک بھی تقسیم کئے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہاکہ کورونا کی تیسری لہر کے باعث کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث حکومت نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کر رکھی ہیں ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی وہ کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے ماسک کا استعمال کریں، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور سینیٹائزر کا استعمال کریں۔ اسی میں ہم سب کی بقا ہے۔ بعد ازاں انہوں نے بس اسٹینڈز کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے سواریوں میں ماسک بھی تقسیم کئے اور انہیں آئندہ سفر کے دوران ماسک پہننے کی سختی سے ہدایت کی۔

انہوں نے سیکرٹری آر ٹی اے کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ اڈوں پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے بالخصوص ٹرانسپورٹر حضرات اور مسافروں، ویٹنگ ایریاز اور گاڑیوں میں سفر کے دوران سماجی فاصلے اور فیس ماسک کے استعمال پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت کی واضح ہدایات ہیں کہ ٹرانسپورٹ سٹینڈز پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد اور مسافروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے۔انہوں نے سیکرٹری آر ٹی اے کو واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ اڈوں پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد اور سہولیات کی دستیابی کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی غفلت ، سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں