سینیٹ میں پیش کردہ وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 3 برسوں کے دوران 28 ہزار723 افراد نے طبی بنیاد پر جنس تبدیل کرائی۔
بدھ کو منعقد ہونے والے اجلاس میں وزارت داخلہ کے تحریری جواب کے مطابق ملک میں 16 ہزار 523 مرد اپنی جنس تبدیل کرواکر عورتوں میں تبدیل ہوئے جبکہ 12 ہزار 154 خواتین جنس کی تبدیلی کے بعد مرد بن گئیں۔ پیش کردہ تفصیلات کے مطابق 9 مردوں نے خود کو ٹرانسجینڈر )خواجہ سراء( میں تبدیل کروا لیا جبکہ 21 ایسے ٹرانسجینڈر تھے جو میڈیکل پروسیجر کے ذریعے مرد بن گئے۔
سینیٹ اجلاس کے وقفہ سوالات کے دوران وزارت داخلہ نے خواتین کی رجسٹریشن سے متعلق بھی جواب دیے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں ایک کروڑ 64 لاکھ خواتین کے شناختی کارڈ نہیں بن سکے ہیں۔ نادرا نے اب تک 10 کروڑ 13 لاکھ میں سے 8 کروڑ 36 لاکھ سے زائد خواتین کی رجسٹریشن کی۔
علاوہ ازیں نادرا کی جانب سے خواتین کی رجسٹریشن یقینی بنانے کے لیے مفت شاختی کارڈ کے اجراء کے ساتھ ساتھ رجسٹریشن وین کی تعیناتی بھی کی گئی۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ تمام نادرا رجسٹریشن مراکز میں جمعہ کا دن صرف خواتین کے لیے مختص ہوتا ہے.