کیلیفورنیا: کئی ماہ سے ایپل کے فلیگ شپ اسمارٹ فون آئی فون 14 کے فیچرز اور دیگر معاملات کے حوالے سے خبریں لیک ہونے کا سلسلہ جاری ہے جو خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں۔ تازہ ترین لیک میں آئی فون 14 کی لانچنگ تقریب کی تاریخ کے متعلق بتایا گیا ہے۔
ایپل کے معاملات پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ایپل آئی فون کا 14 واں ایڈیشن اس سال ستمبر کی 13 ویں تاریخ کو لانچ کیا جائے گا۔ ویب سائٹ نے اپنے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر کیوپیٹینو میں قائم یہ کمپنی اپنی تمام تقاریب منگل کے دن منعقد کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھھیں: آئی فون 14 پرو میکس میں بڑی تبدیلیاں،نئی خصوصیات جانیے
گزشتہ آئی فون لانچز کو دیکھا جائے تو ان کی لانچنگ کی تقریبات عموماً ستمبر کے وسط میں کسی منگل کوئی منعقد کی گئیں تھیں، جس کا مطلب ہے کہ اس سال یہ تقریب 13 ستمبر کو متوقع ہے۔ ایپل کی جانب سے ماضی میں آئی فون کی لانچنگ تقریبات عموماً ایپل ہیڈکوارٹرز میں منعقد کی گئیں لیکن کووڈ-19 کی عالمی وباء کے دوران کمپنی کو یہ تقریب آن لائن منعقد کرنے پر زور دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی فون سے اینڈرائیڈ فون میں واٹس ایپ چیٹ ڈیٹا منتقل کرنا اب ممکن
ویب سائٹ کے مطابق فی الحال یہ بات واضح نہیں کہ اس سال ایپل یہ تقریب آن لائن منعقد کرے گا یا شرکاء بذاتِ خود اس میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ابھی تک اس بات کا فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایپل اس معاملے میں کوئی فیصلہ جلد بازی میں نہیں لینا چاہتا کہ حال میں بڑھتے کووڈ کیسز کے سبب اپنے فیصلے کو واپس لینا پڑے۔ لہٰذا کمپنی اس بات کا فیصلہ تقریب منعقد ہونے سے تھوڑا عرصہ پہلے کرے گی۔
واضح رہے ایپل کی جانب سے اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایونٹ میں ایپل ممکنہ طور پر چار نئے آئی فونز لانچ کرے گا۔ ان آئی فونز میں آئی فون 14، آئی فون 14 میکس، آئی فون 14 پرو اور آئی فون 14 پرو میکس شامل ہیں۔ رپورٹ میں آئی فون پرو اور آئی فون پرو میکس کو ’حقیقی گیم چینجر‘ قرار دیا گیا ہے.