کراچی: ترکی کے مقبول ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ کی مرکزی اداکارہ حلیمہ سلطان کو آواز دینے والی پاکستانی وائس اوور آرٹسٹ ربیعہ راجپوت کی خواہش ہے کہ خود ترک اداکارہ ان کے کام کی تعریف کریں۔
ربیعہ راجپوت وہ پاکستانی آرٹسٹ ہیں جنہوں نے ترک ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ کے اردو ورژن میں حلیمہ سلطان کی وائس اوور کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے یہ کام کرنے سے انکار رکردیا تھا۔ انڈیپنڈنٹ اردو کو دئیے گئے انٹرویو میں ربیعہ راجپوت نے بتایا کہ پاکستان میں ’’ارطغرل غازی‘‘ جب اردو ترجمے کے ساتھ شروع ہوا اور پروڈکشن ہاؤسز نے آڈیشن لینا شروع کیے تو مجھے بھی آفر ہوئی لیکن میں نے وقت کی کمی کے باعث انکار کردیا تھا۔ لیکن بعد میں ڈرامے کی نوعیت اور اہمیت کو سمجھتے ہوئے میں نے آڈیشن کے لیے ہاں کردی۔
ربیعہ راجپوت نے کہا جب وہ حلیمہ سلطان کی وائس اوور کررہی ہوتی ہیں تو وہ ربیعہ راجپوت نہیں رہتیں بلکہ وہ خود کو مکمل طور پر حلیمہ سلطان کے روپ میں ڈھال لیتی ہیں اور اس کردار میں ڈوب جاتی ہیں۔ اور جب ڈرامے میں رونے کا سین آتا ہے تو وہ اسٹوڈیو میں رو رہی ہوتی ہیں اور جب ہنسنے کا سین آتا ہے تو وہ ہنس رہی ہوتی ہیں۔
وائس اوور آرٹسٹ ربیعہ راجپوت نے بتایا کہ ان کا ڈرامے میں سب سے پسندیدہ سین وہ ہے جب حلیمہ کے بچے کی ولادت ہوتی ہے اس کے علاوہ جب چوتھے سیزن میں ارطغرل مرکر دوبارہ واپس آتا ہے تو وہ سین بھی ان کے دل کے بہت قریب ہے۔
ربیعہ راجپوت نے بتایا ان کی خواہش ہے کہ جس کردار کو وہ نبھا رہی ہیں اس کردار کی جانب سے ان کے لیے تعریف ہو۔ یعنی وہ حلیمہ سلطان کے کردار کے لیے وائس اوور کرتی ہیں اس لیے ان کی خواہش ہے کہ حلیمہ سلطان (اسرا بلگیچ) ان کے کام کی تعریف کریں اور ان کے کام سراہیں۔ اس کے علاوہ ربیعہ نے ترکی جانے اور وہاں کے فنکاروں سے ملنےکی خواہش کا بھی اظہار کیا.