ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وقار اکبر چیمہ نے بی ایچ یو سوہاوہ بولانی میں بگ کیچ اپ (حفاظتی ٹیکہ جات) کی مہم کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیااور مہم کی کامیابی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد عابد یوسف ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر افتخار،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر،ای پی آئی فوکل پرسن رانا جاوید اختر،ڈی ایس وی ظہیر عباس اور دیگر نے شرکت کی۔
منڈی بہاءالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 18 فروری 2025) سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عابد یوسف نے ضلع منڈی بہاءالدین میں بگ کیچ اپ ویکسی نیشن کے حوالے سے بتایا کہ یہ مہم 17 فروری سے 15 مارچ 2025 تک جاری رہے گی۔ اس مہم کے تحت پیدائش کے وقت سے لے کر 5 سال تک کی عمر کے ایسے بچے جو کسی بھی وجہ سے حفاظتی ٹیکہ جات نہ لگوا سکے، ان بچوں کی سو فیصد ویکسی نیشن کی جائے گی۔
ان ویکسین سے بچے تپ دق، پولیو، خناق، نمونیہ، کالی کھانسی، کالا یرقان، گردن توڑ بخار، اسہال، تشنج اور خسرہ جیسی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وقار اکبر چیمہ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر پنجاب بھر کی طرح ضلع منڈی بہاءالدین میں بھی بگ کیچ اپ ویکسی نیشن مہم شروع کی گئی ہے ،چھوٹے بچوں کو موذی مرض سے بچانے کا واحد حل حفاظتی ٹیکہ جات ہے ۔
انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ ٹیموں کی مانیٹرنگ کریں تا کہ پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بھی بچہ حفاظتی ٹیکوں سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو موذی مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں اور حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں ۔
Leave a Reply