suicide

تہران میں موساد کی ڈرون فیکٹری پکڑی گئی، جاسوس کو سزائے موت سنادی گئی

اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے دوران ایرانی دارالحکومت تہران میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کی ڈرون فیکٹری پکڑی گئی۔ ایران نے مزید دو ایجنٹوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایک اسرائیلی جاسوس کو سزائے موت سنائی گئی ہے۔

اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے والے شخص کو مکمل عدالتی عمل کے بعد سزا سنائی گئی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دارالحکومت تہران میں موساد کی قائم کردہ ڈرون فیکٹری کا سراغ لگا کر مزید دو ایجنٹوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

اس سلسلے میں کی گئی دو الگ الگ کارروائیوں میں موساد کے ایجنٹوں کے قبضے سے 200 کلو بارودی مواد اور 23 ڈرون آلات اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ اس حوالے سے ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی IRNA نے اطلاع دی ہے کہ پولیس کے ترجمان سعید منتظری المہدی نے بتایا کہ دونوں افراد کو تہران کے علاقے فشافوئے سے گرفتار کیا گیا۔

تین منزلہ عمارت کو اسرائیلی ایجنٹ نہ صرف ڈرون بنانے بلکہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے بھی استعمال کر رہے تھے۔ گزشتہ روز ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے کام کرنے والے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان دونوں افراد کو ایرانی صوبے البرز سے گرفتار کیا گیا جہاں وہ ایک محفوظ گھر میں موساد کے لیے دھماکہ خیز مواد تیار کر رہے تھے۔

دوسری جانب اسرائیل نے بھی ایران کے لیے جاسوسی کے شبے میں دو افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ گرفتار افراد کو اسرائیل کی اندرونی خفیہ ایجنسی شباک (شن بیٹ) اور اسرائیلی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ مشتبہ افراد کو اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے شروع کرنے کے ایک دن بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں