لاہور قلندرز نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کا فائنل جیت کر لاکھوں روپے کی انعامی رقم بھی حاصل کی۔
لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ٹائٹل جیتنے کے ساتھ ساتھ لاہور قلندرز نے HBL PSL 10 کی انعامی رقم 500,000 امریکی ڈالر (تقریباً 140 ملین روپے سے زائد) بھی حاصل کی۔
رنر اپ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 200,000 امریکی ڈالر (56 ملین روپے سے زائد) ملے۔ فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
کشال پریرا نے ناقابل شکست 62 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ سکندر رضا 7 گیندوں پر 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔