وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح منڈی بہاءالدین میں بھی ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے.
ڈی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب عاصم جاوید کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے علی الصبح ضلع منڈی بہاؤالدین کے مختلف مقامات پر ناکے لگا کر دودھ بردار گاڑیوں کو چیک کیا. دوران چیکنگ دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور قدرتی فیٹ کی شدید کمی پائی گئی جس پرفوڈ سیفٹی ٹیموں نے سیکڑوں لیٹر ملاوٹی دودھ کو پکڑ کر موقع پر ہی تلف کر دیا.
بیورج فوڈ ریگولیشن کی خلاف ورزیوں پر یہ کاروائیاں عمل میں لائی گئیں. ملاوٹی دودھ کو منڈی بہاؤالدین شہر اور دیگر مقامات پر ہوٹلوں اور گھروں میں سپلائی کیا جانا تھا. پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے والوں کو وارننگ نوٹس جاری کر دئیے ہیں.
اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ ملاوٹی و ناقص دودھ کا استعمال بچوں اور بوڑھوں میں متعدد بیماریوں کا باعث بنتا ہے. ملاوٹی مافیا ملک اور قوم کا دشمن ہے ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا.
شہریوں کو معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے. خوراک کی یقینی فراہمی کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری ہیں.