پی آئی اے نے سعودی عرب کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا

سعودی عرب نے کورونا وباء کے باعث یکطرفہ فلائٹ آپریشن کی اجازت دی ہے، پی آئی اے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کیلئے پروازیں چلائے گی۔ ترجمان پی آئی اے

اسلام آباد ( اخبار تازہ ترین۔27 دسمبر2020ء) پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز نے سعودی عرب کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا، سعودی عرب نے کورونا وباء کے باعث یکطرفہ فلائٹ آپریشن کی اجازت دی ہے، پی آئی اے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کیلئے پروازیں چلائے گی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق سعودی عرب نے کورونا وباء کے باعث عائد سفری پابندیوں میں نرمی کی ہے، جس کے باعث پی اآئی اے سعودی عرب کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی ایئرلائن سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کیلئے پیر سے آپریشن شروع کردے گی۔ اسی طرح پی آئی اے پاکستان سے بھی سعودی عرب پروازوں کو کارگو سے بھرے گی۔ سی ای او پی آئی اے نے ہدایت کی ہے کہ دیارغیرمیں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانا قومی ذمہ داری ہے۔ واضح رہے سعودی جنرل اتھارٹی سول ایوی ایشن نے غیرملکی مسافروں کو لے جانے کیلئے یکطرفہ غیرملکی چارٹرڈ پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ابوظبی نے متعدد ممالک کے شہریوں کے لیے قرنطینہ کی پابندی ختم کر دی

سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا وباء کی دوسری لہر کے دوران سفری پابندیوں کے باعث غیرملکی باشندوں کو لے جانے کیلئے غیرملکی چارٹرڈ پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے غیرملکی چارٹرڈ پروازوں کے لیے مملکت کے ایئرپورٹس پر اترنے کیلئے ہدایات جاری کی ہیں کہ ان پروازوں کے عملہ کو کورونا ایس اوپیز اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔

عملے کو ایئرپورٹ پر کسی شخص سے ملنے کی اجازت نہیں ہوگی، بلکہ وہ جہاز میں سوار رہیں گے۔ ایوی ایشن اتھارٹی نے مزید واضح کیا کہ یہ شرائط اور ہدایات ان ممالک کی پروازوں پر لاگو ہوں گی جن ممالک میں کورونا کی نئی قسم کے کیسز رپورٹ نہیں ہوئے۔ لیکن جن ممالک میں نئی قسم کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، ان پر پابندی برقرار رہے گی۔ان ممالک کی پروازوں کو ایئرپورٹ پر اترنے سے پہلےایئرٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ سے اجازت لینا ہوگی۔

یاد رہے اس سے قبل سعودی عرب نے اکیس دسمبر کو کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاﺅ کے ردعمل میں تمام بین الاقوامی مسافر پروازوں کو ایک ہفتے کے لیے معطل کردیا تھا مملکت میں زمینی اور سمندری راستوں سے بھی داخلہ معطل کردیا گیا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ قابل توسیع یہ فیصلے متعدد ممالک میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاﺅکے باعث کیے گئے جب تک وائرس کی نوعیت واضح نہیں ہوجاتی اس وقت تک شہریوں، تارکین وطن کی صحت کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرتے ہوئے پابندیاں لگائی گئی ہیں۔

کچھ پروازوں کو غیر معمولی صورتحال میں آنے کی اجازت ہوگی اور جو غیر ملکی پروازیں پہلے سے ہی مملکت میں موجود ہیں انہیں واپسی کی اجازت دی گئی تھی۔ اسی طرح عمان اور کویت نے بھی سفری پابندیاں عائد کی تھیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں