welfare trust dhoke kasib

سیرتِ طیبہ کے آئینے میں خدمتِ خلق (تحریر: محمد ندیم اختر)

ضلع منڈی بہاؤالدین، ویلفئیر تنظیموں کا کردار۔
(سیرت طیبہ صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں)

سیرتِ مصطفی صلی اللّٰہ علیہ وسلم وسیع سمندروں سے وسیع،صحراؤں کے ذرات سے ان گنت، گھنے جنگلات کی چھاوں سے گھنی، علماء کے علم سے بلند ،مسلمانوں کی سوچوں سے بالاتر اور کائنات کی وسعتوں سےہزارہا وسیع. ان کی سیرت کیا بیان کی جائے جن کےلئے رب تعالیٰ نے اس کائنات کو تخلیق کیا۔ انسانوں کو اشرف المخلوقات کے اعلیٰ درجے پر فائز کیا۔پھر انسان کو زندگی گزارنے کے لیے رہبر و رہنما عطا فرمایا۔ سیرت محمدی صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے انسان کو عظیم اعمال میں سے نرم گوئی،مخلوق خدا کی خدمت اور صلہ رحمی کی تعلیمات پر زور دیا ہے۔

حدیثِ مبارکہ: عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے مرفوعا مروی ہے کہ فیاضی کرو۔ فیاضی کی جائے گی (یا) نرمی کرو تم پر نرمی کی جائے گی۔

صحیح البخاری: دوسری جگہ اللہ تعالیٰ کے پیغمبر صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا عبداللہ بن مسعود‌رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا میں تمہیں اس شخص کے بارے میں نہ بتاؤں جو آگ پر حرام ہو گیا یاآگ اس پر حرام ہو گئی؟ ہر قریب کرنے والے، نرم خو اور آسانی کرنے والے پر۔

صحیح البخاری: اسی طرح اچھے اخلاق کو سیرت محمدی جس مقام پر رکھتی ہے وہ اس حدیث سے واضح ہوتا ہے.
عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : آدمی اپنے اچھے اخلاق کی وجہ سے رات کو قیام کرنے والے اور دن کو روزہ رکھنے والے کے درجات کو پالیتا ہے

صحیح البخاری: انسان کافیاضی و سخاوت ،نرم گوئی اور اعلیٰ اخلاقیات کے درجے پر فائز ہونا خدمتِ خلق کے مجموعی اسباب ہیں اور خدمت خلق کے لیے اللہ تعالیٰ نے اور اللہ کے رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے عمر کی کوئی قید مقرر نا فرمائی ہے خدمتِ خلق کے لیے مال اور وقت کا انتخاب بھی خلق خدا کو دے دیا ہے ۔

اب اللہ تعالیٰ کے بندوں پر منحصر ہے کہ وہ اپنا کھاتا رب کے ساتھ کس طرح کھولتے ہیں ۔ اپنا مال دے کر ،اپنا وقت دے کر انسان دنیاوی کام کرنے کا تو معاوضہ اسی دنیا میں مزدوری یا تنخواہ کی شکل میں پا لیتا ہے مگر مخلوق خدا کی خدمت کا حساب اس کے رب کے پاس ہوتا ہے۔ جس کا حساب مولا چاہے اس دنیا میں دے چاہے اخروی دنیا میں اجر عظیم سے نوازے۔

بغیر کسی لالچ اور غرض کے خالصتاً اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور رضا کے لیے لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا یا ایسے سبب بنانا جس سے مخلوقِ خدا کی بھلائی ہو خدمت خلق کہلاتا ہے۔ منڈی بہاوالدین کے مختلف دیہاتوں میں ویلفیئرز کی شکل میں بہت ساری تنظیمیں وجود میں آ چکی ہیں۔جو دن بدن ترقی کی منازل طے کر رہی ہیں۔

گاؤں کی مجموعی صفائی ستھرائی کا معاملہ ہو یا صاف پانی کے مسائل طلباء کی اعانت ہو یا مستحق مریضوں کی معاونت گاؤں میں روشنیوں کا انتظام ہو یا قدرتی آفات میں متاثرین کی مدد یہ کام ایک منفرد انداز سے پایہ تکمیل کو پہنچ رہے ہیں۔ ضلع منڈی بہاؤالدین کی ویلفیئر تنظیمیں سایہ دار شجر کی طرح اپنے اپنے دیہات میں اپنے حصے کا کام کر رہی ہیں۔ ویلفیئرز کےرضاکار رب العالمین کی مخلوق کی خدمت میں پیش پیش اپنا کھاتا رب کے ساتھ کھولے ہوئے ہیں ۔

سیرتِ طیبہ کے پہلو پر عمل پیرا ہونے کی کوشش میں مصروف عمل ہیں۔ صاحب استطاعت افراد خدمت خلق کا جذبہ لے کر آگے بڑھیں۔ اور اپنے رب کے حضور کئی گنا اجر وصول کریں۔

تحریر: محمد ندیم اختر
ڈھوک کاسب

اپنا تبصرہ لکھیں