ncoc meeting

تعلیمی اداروں کے حوالے سے این سی او سی کا اجلاس ختم

اسلام آباد: این سی او سی کے خصوصی اجلاس میں ملک میں کورونا وبا کے بڑھتے ہوئے تناسب کے پیش نظر تعلیمی ادروں کے حوالے سے اہم فیصلوں کا امکان تھا تاہم آج کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سربراہ این سی او سی اور وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت تعلیمی اداروں، عوامی اجتماعات اور شادی ہالز میں این پی آئیز کے حوالے سے این سی او سی کا خصوصی اور مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور صوبائی وزرائے تعلیم و صحت نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا کی بڑھتی صورتحال اور اضافے کی صورت میں بندشوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ ویکسینیشن کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق اور تعلیمی ادارے کھلے رکھنے پر غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اومیکرون ویریئنٹ کی اہم ترین علامات سامنے آگئیں

ذرائع کے مطابق ملک میں کورونا وبا کے بڑھتے ہوئے تناسب کے پیش نظر تعلیمی ادروں کے حوالے سے اہم فیصلوں کا امکان تھا، تاہم آج کا اجلاس بے نتیجہ ہی ختم کردیا گیا۔ اس حوالے سے این سی او سی کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں، تعلیمی سیکٹر کی صورتحال پر بات چیت کے لیے کل تازہ اعداد و شمار کے ساتھ اجلاس دوبارہ ہوگا۔

دوسری جانب این سی او سی نے بڑھتی ہوئی بیماری سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کے لیے صوبوں خصوصاً سندھ حکومت کے ساتھ بڑے پیمانے پر رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ جب کہ آج سے دوران پرواز کھانے کی تقسیم پر اور پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی سنیکس اور کھانا تقسیم کرنے پر پابندی ہوگی.

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرتعلیم پنجاب مراد راس کا کہنا تھا کہ این سی او سی اجلاس میں اسکولز پر سب سے آخر میں بات ہوئی، دیگرچیزوں کے بند ہونے تک اسکولز کی بندش کا فیصلہ نہیں کر سکتے، 12 سال سے کم عمر کی بچوں کی کلاسز 50 فیصد حاضری کے ساتھ ہوں گی،12 سال سے کم عمر کے بچوں کی ویکسینیشن نہیں ہوئی، بغیر ویکسینیشن بچوں کو اسکول آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

وزیرتعلیم نے کہا کہ اسکولز بند نہیں کرسکتے، پہلے ہی بچوں کا بہت نقصان ہوچکا ہے، اسکولوں کو بند نہیں کیا جا رہا صورتحال خراب ہوتی ہے تو مرحلہ وار اول تا ھشتم تک چلایا جائے گا، حکومت نے ویکسی نیشن کی استعداد بہت بڑھا دی ہے، اساتذ ہ کی 100 فیصد ویکسینیشن ہوچکی ہے، جب کہ میٹرک سے انٹر تک کے طلباء کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے، ان کے لیے اسکول مستقل کھلے رہیں گے، تاہم ماسک کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔

مراد راس نے مزید بتایا کہ صوبے میں اساتذہ کی 16 ہزار اسامیوں کا اشتہار دو ماہ تک آجائے گا، پنجاب میں پہلی مرتبہ کمپلسری ایکٹ پاس کیا گیا، اب اس پر عملدرآمد ہونے جا رہا ہے۔ کلاس ون سے پانچویں تک قرآن پاک ناظرہ پڑھایا جائے گا، چھٹی سے بارہویں تک قرآن ترجمے کے ساتھ پڑھایا جائے گا.

اپنا تبصرہ لکھیں