منڈی بہاﺅالدین(ایم.بی.ڈین نیوز 31جولائی2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ اسلام امن و سلامتی ، اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ، محرم الحرام کا مقدس مہینہ ہمیں اسلام کی سربلند ی کیلئے جذبہ حسینیت کی روشنی میں سب کچھ قربان کرنے کا درس دیتا ہے، منڈی بہاﺅالدین کے تمام مکاتب فکر کے علماء اور ذاکرین نے ضلع میں امن، تحفظ اور سلامتی کیلئے ہمیشہ قلیدی کردار ادا کیا ہے، انہوں نے کہاکہ محرم الحرام میں امن و امان کا قیام اجتماعی ذمہ داری ہے ، لائسنس داران ضابطہ اخلاق ، وقت ، جگہ اور روٹس کے علاوہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں محرم الحرام کی تیاریوں کے حوالے سے ضلعی امن و بین المذہب ہم آہنگی کمیٹی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین کھوکھر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر عمران خان، سی او میونسپل و تحصیل کونسل کمیٹیز، انتظامیہ کے افسران ، پولیس، انجمن حسینیہ کے سرکردہ رہنماﺅں ، لائسنس داران سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منڈی بہاﺅالدین ایک پرامن ضلع ہے یہاں امن سے محبت کرنے والے عوام بستے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران انتظامیہ، پولیس اور منتظمین کے باہمی تعاون سے ہی امن و امان کے قیام سے ہی مجالس، جلوسوں کے پرامن انعقاد کو ممکن بنایا جائے گا۔ وقت ،جگہ اور روٹ کی تبدیلی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ لائسنس ہولڈر داران اپنی مجالس اور جلوسوں کے دوران سماجی فاصلے اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ ممبر و محراب کے ذریعے لوگوں کو امن و امان کا درس دیں اور جہاں کہیں بھی کوئی نا خوشگوار واقعہ سامنے آئے یا کوئی ایسا خدشہ ہو تو فوری طور پر اس کو انتظامیہ کے نوٹس میں لایا جائے تا کہ پولیس اور انتظامیہ آپ کی معاونت سے امن و امان کو بہتر طریقے سے قائم رکھ سکے۔ طارق علی بسرانے افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو بر قرار رکھنے کے لئے جلوس کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کے نظام کو موثر اور فعال بنایا جائے ۔ جلوسوں کے تمام روٹس کلیئر کئے جائیں۔ جلوسوں کے روٹس کے راستوں میں کہیں بھی بجلی یا ٹیلی فون کی تاریں لٹکی ہوئی نہ ہوں، سوئی گیس کی پائپ لائن درست حالت میں ہونی چاہیئں۔
میونسپل کمیٹیاں صفائی ستھرائی ، سڑکوں کی پیچ کے علاوہ پتھر، اینٹوں ، ریت بجری کا خاتمہ کرائے اور ہر قسم کی رکاوٹوں کو پہلے سے ہی ختم کیا جائے۔ڈی پی او ساجد حسین کھوکھر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں محرم الحرام میں سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی پولیس تعینات کی جائے گی۔انہوں نے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ لاﺅڈ سپیکر کے استعمال سے متعلق قانون کی پاسداری کریں اور محرم الحرام کے سلسلہ میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق اور کورونا ایس او پیز کی مکمل پابندی کی جائے۔
اس موقع پرعلمائے کرام ،انجمن حسینیہ، اتحاد بین المسلمین، لائسنس داران اورانجمن تاجران نے اپنی گزارشات پیش کیں اور انتظامیہ، پولیس اور سیکورٹی اداروں کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی۔