صوبہ بھر کی طرح ضلع منڈی بہاﺅالدین میں بھی “خدمت آپ کی دہلیز پر”پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 27مئی2021 ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے احکامات کی روشنی میں صوبہ بھر کی طرح ضلع منڈی بہاﺅالدین میں بھی “خدمت آپ کی دہلیز پر”پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اس ضمن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق اور اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ نے آج گھیگا چوک میں پہلے ہفتے کے حوالے سے اپنی نگرانی میں صفائی مہم کے کام کا آغاز کروا دیا۔

یہ پروگرام تین ہفتوں پر مشتمل ہے ۔ جس میں ضلعی اور تحصیل سطح پر میونسپل کمیٹیوں اور تحصیل کونسل کے افسران و عملہ بھر پور شرکت کریں گے۔ دریں اثناءشہری موبائل اپپ کے ذریعے اپنے اپنے علاقوں کے حوالے سے اس پروگرام کے بارے میں اپنا فیڈ بیک بھی دے سکیں گے اور اس پروگرام کے تحت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اضلاع کا اعلان 14اگست کو کیا جائے گا۔

گھیگا چوک پر صفائی کے کام کی نگرانی کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق اور اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی بیگ نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے “خدمت آپ کی دہلیز پر”پروگرام کے تحت پہلے ہفتے کے دوران شہری علاقوں میں کوڑا کرکٹ ، ملبے کے ڈھیر، بلڈنگ میٹریل، وال چاکنگ اور گندگی کی نشاندہی کر کے انہیں وہاں سے فوری طور ہٹایا جائے گا اور دیہی علاقوں کو اس پروگرام میں ترجیحی طور پر شامل کیا گیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ “خدمت آپ کی دہلیز پر”پروگرام کے دوسرے ہفتے کے دوران نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی توجہ دی جائے گی جبکہ بڑی اور چھوٹی سوریج لائنوں ، ڈرینز کی صفائی، بلاک سیوریج لائنیں کھولی جائیں گی، تیسرے ہفتے کے دوران سرکاری عمارتوں بشمول گورنمنٹ دفاتر، سکولز، ہسپتال، فیلڈ دفاتر کی صفائی کی جائے گی، جہاں ضروری ہوگا ان عمارتوں کو پینٹ کیا جائے گا جبکہ انسدا د ڈینگی کے پیش نظر بھی سرگرمیاں ہونگی۔

انہوں نے بتایا کہ خدمت آپکی دہلیز پر کے تینوں ہفتوں کے دوران وہ خود فیلڈ میں نکلیں گے، اسسٹنٹ کمشنرز بھی چیکنگ کریں گے جبکہ چیف آفیسرز اپنی ٹیموں کو لیڈ کریں گے، بہتر نتائج کے حصول کیلئے سول سوسائٹی، میڈیا کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا اور انکے فیڈ بیک کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہریوں کے تعاون سے ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی ادارے بہتر پروفارمنس دکھانے میں کامیاب ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں