سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اپنے اہل خانہ پر عائد سالانہ فیس کیسے معلوم کر سکتے ہیں؟

ریاض(تازہ ترین اخبار۔29جنوری2021ء) سعودی عرب میں روزگار کی غرض سے25 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، جن میں اپنے گھر والوں سمیت افراد کی تعداد بھی لاکھوں میں ہے۔ بہت سے پاکستانیوں کو ڈپینڈنٹ فیس یعنی مرافقین فیس کے بارے میں علم نہیں ہوتا۔ ایسے ہی ایک پاکستانی اُردو نیوز سے سوال کیا ہے کہ مجھے ڈپینڈنٹ فیس (اہل خانہ پر عائد فیس)کے بارے میں معلوم کرنا ہے، یہ فیس چیک کرنے کا طریقہ کار کیا ہے۔

جس کے جواب میں اُردو نیوز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودیہ میں 2017 سے تارکین وطن کے اہل خانہ پر ماہانہ بنیاد پر فیس نافذ کی گئی ہے جس میں سالانہ بنیاد پر 100 ریال اضافہ کیا جاتا ہے یعنی جولائی 2017 میں فی فرد خواہ وہ بچہ ہو یا بوڑھا ایک سو ریال ماہانہ فیس ادا کرنا ہوتی تھی۔ سال 2018 میں فیس 200 ریال فی فرد اور 2019 میں 300 جبکہ جولائی 2020 میں 400 ریال ماہانہ کی بنیاد پر وصول کی جاتی ہے۔

اہل خانہ پر عائد فیس کو عربی میں ’مقابل مالی للمرافقین ‘ کہا جاتا ہے جسے ادا کیے بغیر اقامہ تجدید نہیں کیا جا سکتا۔ اہل خانہ پرعائد فیس معلوم کرنے کے لیے بینکوں نے سہولت فراہم کی ہے۔ آپ اپنے بینک اکاوٴنٹ کے ذریعے اہل خانہ پر عائد سالانہ فیس معلوم کر سکتے ہیں۔بینک اکاوٴنٹ میں ’پے منٹ ‘ کے براوٴز میں جائیں جہاں سے ’لیوی فیس‘ یا ڈیپنڈنٹ فیس کے براوٴز کو کلک کرنے کے بعد اپنا اقامہ نمبر اور ایکسپائری ڈیٹ فیڈ کریں گے تومطلوبہ فیس ظاہر ہو جائے گی۔

یاد رہے اقامہ کارڈ پر درج ایکسپائری ڈیٹ اور ابشر سسٹم میں موجود ایکسپائری کی تاریخ میں بعض اوقات اختلاف ہوتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے اگر اس اختلاف کو نوٹ نہیں کیا جائے اور غلط ایکسپائری ڈیٹ فیڈ کی جائے تو فیس ادا نہیں ہوگی اور سسٹم اسے رد کر دے گا یا فیس ہولڈ رہے گی اور جوازات کے اکاوٴنٹ میں منتقل نہیں ہوگی جس کی وجہ سے اقامہ تجدید نہیں ہوسکے گا

اپنا تبصرہ لکھیں