agriculture

گندم پیداواری مقابلہ، منڈی بہاوالدین کے 3 کسانوں نے پوزیشن لے لی

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 05 نومبر 2022) محکمہ زراعت (توسیع) کے زیر اہتمام ” زیادہ گندم اگاﺅ مہم“ کے تحت ضلع کونسل ہال میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا ، جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک عباس ذوالقرنین تھے ۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیونے کہاکہ زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت زرعی شعبے کی ترقی اور فروغ کیلئے انقلابی اقدامات اور تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں،پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار زرعی شعبے کو فوکس کیا گیا ہے ، موجودہ حکومت کا عزم ہے کہ کسان بھائیوں کی معاشی ترقی اور استحکام کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت زرعی شعبے کی ترقی کےلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور زراعت کے تمام شعبوں کی ترقی کےلئے بجٹ میں خطےر رقم بھی مختص کی گئی ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: کماد کی ریکارڈ پیداوار پر عمیر منور ساکن بھیرووال کو 3 لاکھ روپےکا چیک تقسیم

انہوں نے کہاکہ عصری تقاضوں کے پیش نظر حکومت زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوا ر کرنے کیلئے مشینری طریقہ کاشت کے فروغ کیلئے بہترین اقدامات اٹھا رہی ہے تا کہ چھوٹے کاشت کار ان ثمرات سے بہتر طور پر مستفید ہو سکیں کیونکہ کسان خوشحال ہو گا تو ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت (توسیع) کسانوں کی خدمت کےلئے ہر وقت کوشاں ہیں اور کاشت کار وں کوچاہیے کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی سہولتوں اور سبسڈیز سے زےادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال نے سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری معیشت کا 70 فیصد زراعت سے وابستہ ہے لہذا زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اپنا کر ہی ہم زرعی معیشت کو آگے لے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کی مشکلات کو کم کرنے اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے جس سفر کا آغاز کیا ہے اس سے ہر کسان کے گھر میں خوشحالی آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ کاشت کاروں کو سبسڈی پر منظور شدہ اقسام کے بیج و زرعی مشینری فراہم کی جا رہی ہے جس سے آنے والے دنوں میں ان کی فصلات میں اوسط پیداوار میں کئی گنا اضافہ ممکن ہو گا۔ انوار الحق ،شکیلہ عنایت ایم فل باٹنی، غنویٰ اظہر ایم ایس ٹی اور دیگر مقررین نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔ سیمینار کے اختتام پر گندم کے پیداواری مقابلہ جات 2021-22 میں اول ، دوم اور سوم پوزیشنز حاصل کرنے والے کاشت کاروں میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

پہلی پوزیشن اعجاز احمد نمبردار، گھنیاں نے حاصل کی، جنہوں نے 57 من فی ایکڑ گندم پیداوار حاصل کی۔ دوسری پوزیشن حسن بلال، بھیکھو نے حاصل کی جنہوں نے49.37 من فی ایکڑ گندم پیداوار حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن ضیاءاللہ، ڈھوک کاسب نے حاصل کی، جنہوں نے 46.88 من فی ایکڑ گندم پیداوار حاصل کی ۔

مہمانان گرامی نے کسانوں کو فی ایکڑ پیداوار میں ریکارڈ اضافہ کرنے پر مبارکباد پیش کی اور محکمہ زراعت (توسیع) کی کارکردگی کو سراہا۔ سیمینار میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال، زراعت آفیسر محمد افضل ، کسانوں اور کاشت کاروں سمیت زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے طلباء و طلبات کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں