پنجاب کے قدیم تاریخی شہر منڈی بہاؤالدین سے انتہائی دردناک اور ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں 25 سالہ علی حیدر نے 20 سالہ کنزہ کے ساتھ محبت کی شادی کر لی تھی۔ اس جرم کا بدلہ لینے کے لیے لڑکی کے والد اور بھائیوں نے علی حیدر پر چھریوں سے وحشیانہ اور سفاکانہ انداز میں حملہ کیا۔
لڑکی کے والد اور بھائیوں نے علی حیدر کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، خاص طور پر اس کی آنکھوں، چہرے اور ناک کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں علی حیدر کی دونوں آنکھوں کو شدید نقصان پہنچا اور امکان ہے کہ وہ مکمل طور پر بینائی سے محروم ہو گیا ہے۔
واقعے کے فوری بعد زخمی نوجوان کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ تاحال تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے۔
یہ سانحہ ہمارے معاشرے میں پسند کی شادی کرنے والوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر ایک بار پھر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ کیا رضامندی اور محبت پر مبنی شادی ایسا جرم ہے کہ اس کی سزا آنکھیں نکالنے کے وحشیانہ فعل تک پہنچ جائے؟
