atlas honda rate list 2022

موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ

اٹلس ہنڈا کمپنی نے مسلسل چوتھے ماہ موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے ڈیلرز کو آگاہ کیا گیا ہے کہ یکم جون سے کمپنی کے تمام ماڈل کی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں تبدیلی کی جارہی ہے جس کے مطابق سی ڈی 70کی قیمت میں 3600روپے،سی ڈی ڈریم میں 4ہزارروپے اور پرائڈر میں 5ہزار روپے کا اضافہ کیا جارہا ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد سی ڈی 70کی قیمت جو اس وقت ایک لاکھ2ہزار900روپے ہے یکم جون سے ایک لاکھ 6ہزار500روپے ہوجائے گی۔ اسی طرح سی ڈی 70ڈریم کی قیمت بھی ایک لاکھ 13ہزار روپے 500روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی قیمت اس سے پہلے ایک لاکھ9ہزار500روپے تھی۔

نئی قیمتوں کے مطابق پرائڈر کی قیمت بھی ایک لاکھ 39ہزار900روپے سے بڑھ کرایک لاکھ44ہزار 900روپے ہوجائے گی۔ سی جی 125کی قیمت بھی5ہزار روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 68ہزار500روپے ہوجائے گی، سی جی 125ایس کی قیمت بھی 5ہزار روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 98ہزار500روپے اور سی بی 125ایف کی قیمت 2لاکھ 53ہزار900روپے ہوجائے گی۔

سی بی150 ایف کی قیمت 3 لاکھ 8 ہزار 900 روپے اور سی بی 150ایف سلور 9 ہزار روپے کے اضافے سے بڑھ کر 3 لاکھ 12 ہزار 900 روپے تک پہنچ جائے گی۔ واضح رہے کہ ہنڈا کمپنی کی جانب سے رواں سال کے آغاز سے ہی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے جس کے تحت یکم جون کو ہونے والی قیمتوں کا اضافہ چوتھا اضافہ ہوگا۔

دیگر کمپنیوں کی جانب سے بھی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے اور آئندہ ماہ سے ہنڈا کے ساتھ دیگر کمپنیوں کی جانب سے بھی قیمتیں بڑھا جارہی ہیں۔ دیگر کمپنیوں میں پاک اسٹار آٹو موبائل(تیز رفتار) نے بھی 100سی سی اور 150سی سی موٹر سائیکل لوڈرکے تمام ماڈلز کی قیمتوں میں 7ہزار روپے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق 200سی سی آٹو رکشہ لوڈر کے تمام ماڈلز کی قیمت 10 ہزار روپے بڑھا دی گئی ہے۔

کمپنی کی جانب سے ڈیلرز کو کہا گیا ہے کہ خام مال،امریکی ڈالر مہنگا ہونے،پٹرولیم مصنوعات،ٹرک وگاڑیوں کی ٹرانسپورٹیشن لاگت اور پارٹس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے پیش نظر 5 جون سے قیمتیں بڑھا ئی جارہی ہیں۔ ڈی ایس موٹرز (یونیک) نے بھی5 جون سے یو ڈی 125سی سی کی قیمت میں 10 ہزار روپے کا اضافہ کردیا ہے۔

یونائیٹیڈ آٹو انڈسٹریز نے بھی یونائیٹیڈ 70سی سی،100سی سی اور125سی سی کے تمام ماڈلز کی قیمت میں 3 ہزار روپے کا اضافہ کردیا ہے جس کا اطلاق 6 جون سے ہوگا۔روڈ پرنس نے بھی تمام ماڈلز کی قیمتوں میں 3 ہزار روپے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق 7 جون سے ہوگا۔

موٹر سائیکل اسمبلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین صابر شیخ کے مطابق موٹر سائیکلوں میں استعمال ہونے والی شیٹ دھات،المونیم اور پلاسٹک کی قیمت عالمی مارکیٹ میں بڑھ گئی ہے اس کے علاوہ پاکستان میں امریکی ڈالر کی قدر بڑھ رہی ہے جب کہ ٹیکس بھی ڈالر کے حساب سے دی جاتی ہے جس کی وجہ سے لاگت بڑھ رہی ہے۔

صابر شیخ کے مطابق گزشتہ ماہ موٹر سائیکلوں کی قیمت ڈالر کے 180روپے کے مطابق لگائی گئی تھی لیکن بعد میں ڈالر200 روپے تک پہنچ گیا.

اپنا تبصرہ لکھیں